
اسلام آباد: وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ایک پریس کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید پر شدید الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ ہاؤس میں روپوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اچھا نہیں سمجھتی کہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں چھاپہ مارا جائے، لیکن مراد سعید اور ان کے ساتھیوں کی سرگرمیاں انتہائی تشویشناک ہیں۔
وزیر اطلاعات نے الزام لگایا کہ مراد سعید حالیہ احتجاج میں موجود تھے اور ان کے ساتھ تربیت یافتہ جتھے شامل تھے۔ ان جتھوں کو واضح ہدایات دی گئی تھیں کہ احتجاج کے دوران لاشیں گرانی ہیں، فائرنگ کرنی ہے، اور انتشار پھیلانا ہے۔ عطا تارڑ کے مطابق مراد سعید کے ساتھ اسلحے سے لیس دہشت گرد بھی موجود تھے، جو پرتشدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے اس قسم کے منصوبے تیار کیے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے احتجاج نہ کرنے کا حکم دیا تھا، لیکن پی ٹی آئی نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈی چوک پر اصرار کیا اور احتجاج کے لیے متبادل جگہ کی پیشکش کو مسترد کر دیا۔
https://twitter.com/x/status/1863199886738604405
عطا تارڑ نے پی ٹی آئی پر مزید الزام لگایا کہ اس کے کارکن تشدد کے آلات ساتھ لائے تھے اور قتل و غارت کے منصوبے کا حصہ تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لائیو ایمونیشن استعمال کرنے کی اجازت نہیں تھی، لیکن پی ٹی آئی کے انتشاریوں کے پاس اسلحہ اور گولہ بارود موجود تھا۔
انہوں نے پی ٹی آئی پر غیر ملکی میڈیا کے ذریعے جھوٹے پروپیگنڈا کا الزام بھی لگایا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ احتجاج کے دوران غزہ اور فلسطین کی تصاویر کو غلط طور پر ڈی چوک کے واقعات سے جوڑا گیا، اور کرم واقعے میں شہید ہونے والوں کو بھی اس احتجاج کے ساتھ منسلک کیا گیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ہسپتال سے ایسی کوئی اطلاع نہیں ملی کہ احتجاج کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں کوئی ہلاکت ہوئی ہو۔ کوئی ایک تصویر یہ بتا دیں کہ فائرنگ ہوئی ہے، پمز اور پولی کلینک ہسپتال کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی کہ کسی شخص کی موت گولی لگنے سے نہیں ہوئی۔
https://twitter.com/x/status/1862876688117285176
عطا تارڑ نے خیبر پختونخوا کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی کے واقعات بڑھ رہے ہیں اور ایسے وقت میں پی ٹی آئی کی قیادت کی توجہ انتشار پھیلانے پر ہے، جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست کے بجائے قومی مسائل پر توجہ دینے کا ہے، لیکن پی ٹی آئی قیادت اپنے ایجنڈے سے باز نہیں آ رہی۔
https://twitter.com/x/status/1863451862776586716
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/1attattarrsmuradseed.png
Last edited by a moderator: