
بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان کی جانب سے پیش کردہ فیوژن ہائبرڈ ماڈل کو بھی مسترد کردیا ہے۔
پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی 2025 کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) تاحال کسی حتمی فیصلے پر نہیں پہنچ سکی، جبکہ بھارتی کرکٹ کی بالادست تنظیم، دی بورڈ فار کنٹرول کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی)، نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پیش کردہ فیوژن ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کر دیا ہے۔
بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق، بی سی سی آئی نے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ بی سی سی آئی نے پی سی بی کی تجاویز کو نظرانداز کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں آئی سی سی کے ایونٹس کے دوران کوئی سیکیورٹی خطرہ موجود نہیں ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بی سی سی آئی نے آئی سی سی انتظامیہ کو واضح پیغام ارسال کیا ہے جس سے ایک نیا تعطل پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ پیغام میں کہا گیا ہے، "بھارت میں کوئی سیکیورٹی تھریٹ نہیں، اس لیے ہائبرڈ ماڈل کو قبول کرنے کا سوال ہی نہیں۔"
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بھارت کو آنے والے 10 سالوں میں کئی اہم آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کرنی ہے، جن میں ویمن ورلڈ کپ 2025، ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 (سری لنکا کے ساتھ مشترکہ میزبانی)، چیمپئنز ٹرافی 2029 اور ورلڈ کپ 2031 شامل ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ تمام متعلقہ فریق بحران کے حل کے لیے ایک دوستانہ راستہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور آئی سی سی کا بورڈ اگلے چند دنوں میں دوبارہ اجلاس منعقد کرے گا۔
اگر پی سی بی اپنے موقف پر قائم رہا تو انہیں چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی سے محروم ہونے کا خطرہ بھی ہے۔ اس پس منظر میں پاک بھارت کشیدگی کے سبب آئی سی سی کا اجلاس 5 دسمبر کو بلایا گیا ہے، جس میں اہم فیصلوں کی توقع کی جا رہی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی بھارت کے حق میں کسی بھی یکطرفہ فیصلے کی صورت میں ایونٹ کے بائیکاٹ کی دھمکی دے چکا ہے، جو کہ ایک ممکنہ بحران کو مزید شدت دے سکتا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://i.postimg.cc/HnGCs08y/BCC.jpg