
وفاقی حکومت نے ریاستی اداروں کے خلاف فیک نیوز کا مقابلہ کرنے کے لیے 2 ارب روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری دی اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمٹ کے واجب الادا بقایاجات کی ادائیگی کے لیے تقریباً 75 کروڑ روپے کا بجٹ بھی منتقل کردیا ہے
ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 10 ارب روپے سے زائد کے اضافی گرانٹس کی منظوری دی، جن میں وزارت دفاع کے لیے فنڈز بھی شامل ہیں۔
وزارت خزانہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ "ای سی سی نے وزارت دفاع کے حق میں 1.945 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی،" ۔
خیال رہے کہ آرمی چیف اور حکومت کی جانب سے بار بار کہا جارہا ہے کہ ذاتی سیاسی مفادات کے لیے جعلی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے بھی ماضی میں "جعلی خبریں پھیلانے والے اور پروپیگنڈے میں ملوث عناصر" کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
ای سی سی کو بتایا گیا کہ آئی ایس پی آر ریاستی اداروں کے خلاف جعلی معلومات کا مقابلہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر اور دیے گئے اہداف کو پورا کرنے کے لیے، آئی ایس پی آر ڈائریکٹوریٹ کی ٹیکنالوجی کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔
فوج نے تقریباً 2 ارب روپے کی ایک بار کی ابتدائی لاگت اور ہر سال 1.6 ارب روپے کے مستقل بجٹ کا مطالبہ کیا تھا تاکہ اپنے نظام کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ 2 ارب روپے فوری دیے جائیں گے جبکہ باقی 1.6 ارب روپے کو باقاعدہ بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا اور اس کی منظوری آئندہ بجٹ کے اعلان کے وقت جون میں حاصل کی جائے گی۔
وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا کہ 2 ارب روپے میں سے 1.22 ارب روپے ٹیکنالوجی اپ گریڈ کے لیے اور 723 ملین روپے سائبر سیکیورٹی کے مقاصد کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/eccsk.jpg