
پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے اپنی حکمت عملی میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی اور صوبائی رہنماؤں کو حکومتی پالیسیوں پر تنقید کی اجازت دے دی ہے اور پارٹی رہنماؤں کو گائیڈلائنز فراہم کردی ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق، یہ فیصلہ پارٹی کے اندرونی مشوروں کے بعد کیا گیا ہے، جہاں رہنماؤں نے قیادت کو حکومتی پالیسیوں کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اب کھل کر حکومت کی غلط پالیسیوں کو نشانہ بنائے گی اور اس مقصد کے لیے رہنماؤں کو باقاعدہ گائیڈ لائنز فراہم کی گئی ہیں۔ ان گائیڈ لائنز کے تحت وفاقی اور پنجاب حکومت کی ناقص پالیسیوں پر سخت تنقید کی جائے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پارٹی نے اپنی قیادت کو یہ مشورہ دیا تھا کہ حکومتی پالیسیوں پر خاموشی سیاسی نقصان کا باعث بن سکتی ہے اور خاموشی کو عوامی حلقوں میں حکومتی حمایت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس لیے قیادت نے فیصلہ کیا کہ حکومتی غلطیوں پر واضح اور کھلی تنقید کی جائے گی تاکہ عوامی تاثر بہتر بنایا جا سکے۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کا سیاسی بوجھ پیپلز پارٹی پر نہیں گرنے دیا جائے گا۔ اسی لیے پارٹی رہنماؤں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ عوامی فورمز پر حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کریں اور پارٹی کا مؤقف واضح کریں۔
یہ تبدیلی اس وقت سامنے آئی ہے جب پیپلز پارٹی کی قیادت کو حکومتی پالیسیوں کے اثرات اور عوامی ردعمل کے بارے میں سنگین خدشات لاحق تھے۔ پارٹی نے واضح کر دیا ہے کہ وہ حکومت کے غلط اقدامات کی ذمہ داری خود پر نہیں لینے دے گی اور اپنی آزاد حیثیت کو برقرار رکھے گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ppaah111.jpg