وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے شہدا کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ "پاک دھرتی کے لیے جان ہتھیلی پر رکھنے والوں کے لیے ہمہ وقت دعا گو ہیں، اور شہدا کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔"
اجلاس میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور امن و امان سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حکومت پنجاب کے پیشگی اقدامات پر بریفنگ دی گئی، جس میں چیمپیئنز ٹرافی کے پُرامن انعقاد کے لیے جامع سیکیورٹی انتظامات شامل تھے۔ مریم نواز نے زور دیا کہ "دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات اور مسلسل کوارڈینیشن ضروری ہے۔"
https://twitter.com/x/status/1876648223575556121
لاؤڈ سپیکر کے منفی استعمال کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات پر اتفاق کیا گیا جبکہ واہگہ بارڈر روڈ کو سٹیٹ آف آرٹ ٹورازم کوریڈور بنانے کی تجویز کو بھی سراہا گیا۔ مریم نواز نے چیمپیئنز ٹرافی کے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "لاہور، راولپنڈی، ملتان میں کرکٹ ٹیموں کی حفاظت کے لیے بہترین سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں گے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "عوام کے تحفظ کے لیے دفاعی نہیں، بلکہ پیشگی اقدامات ضروری ہیں۔ کامیابی یہ ہے کہ شرپسند عناصر پر بروقت قابو پایا جائے۔" داخلی سطح پر خطرات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ "ہمہ وقت تیار رہتے ہیں، اور اپیکس کمیٹی کے فورم کو مزید مفید اور مؤثر بنانا چاہتے ہیں۔"
مریم نواز نے بتایا کہ "ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹیاں قائم اور فنکشنل کر دی گئی ہیں۔ ہماری پہچان پاکستانیت ہے اور ہر پُرامن پاکستانی کے لیے صوبے کے دروازے کھلے ہیں، مگر شرپسندوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔"
معاشی بحالی پر بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ "جب حکومت میں آئے تو ڈیفالٹ کی بات کی جا رہی تھی، مگر اب معاشی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔ سیکیورٹی اور سیاسی استحکام کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں۔" انہوں نے کہا کہ "پاکستان بلند معاشی پرواز کے لیے ٹیک آف کر رہا ہے، اور مہنگائی کے جن کو قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔"
دورۂ چین کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ "چینی ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے پرجوش ہیں، اور چینی باشندوں کی سیکیورٹی میں ایس او پی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔" انہوں نے لاہور میں ٹریفک منیجمنٹ کے لیے چین کی طرز پر آرٹیفشل انٹیلیجنس ٹیکنالوجی کے استعمال کی بھی ہدایت دی۔
اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا، چیف سیکرٹری، سینیٹر پرویز رشید، اور سینیئر منسٹر مریم اورنگزیب سمیت دیگر حکام بھی شریک تھے، جنہوں نے عوام کے تحفظ کے اقدامات اور باہمی تعاون کو سراہا۔ اقلیتوں سے متعلق اقدامات اور یوتھ فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر بھی حکومت پنجاب کی کاوشوں کو سراہا گیا۔
https://twitter.com/x/status/1876675785693479211
Last edited by a moderator: