ایئرپورٹ پر بے گناہ خاندان کو منشیات الزام میں پھنسانے والے 9 افراد گرفتار

021841413ec054e.png


لاہور ایئرپورٹ پر بے گناہ خاندان کو منشیات کے الزام میں پھنسانے والے ڈرگ گینگ کے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ سعودی عرب میں حراست میں لیے گئے خاندان کے 5 افراد کو رہائی مل گئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیر داخلہ کی خصوصی ہدایت پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی ٹیم کی محنت اور کوششوں سے یہ کامیابی حاصل ہوئی، جس کے بعد متاثرہ خاندان کے 5 افراد کو واپس پاکستان لایا گیا۔ ان افراد نے 23 دسمبر کو سعودی عرب کا سفر کیا تھا، جہاں ان کا بیگ ٹیگ تبدیل کر کے انہیں منشیات کی اسمگلنگ کے جھوٹے الزامات میں پھنسا دیا گیا تھا۔

اینٹی نارکوٹکس فورس کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل عبدالمعید کے ہمراہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے منشیات کیس سے رہائی پانے والے خاندان کے افراد سے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ "اے این ایف کی ٹیم نے دن رات محنت کی اور اس انٹرنیشنل گینگ کا سراغ لگا کر ملزمان کو گرفتار کیا۔ سعودی عرب کی حکومت نے بھی اس معاملے میں بھرپور تعاون کیا جس پر میں ان کا شکر گزار ہوں۔"

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ "اے این ایف کی ٹیم نے جو محنت کی ہے، اس کے لیے ان کو خصوصی ایوارڈز دیے جائیں گے۔ انہوں نے انتہائی مشکل حالات میں کیس لڑا اور اپنی جان خطرے میں ڈالی۔ اس طرح کا کیس کوئی بھی نہیں لڑتا۔" انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں منشیات کے خاتمے کے لیے اے این ایف کو مزید وسائل فراہم کیے جانے چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق، لاہور کے علاقے مرغزار کالونی کی رہائشی فرحانہ اکرم اپنے 4 فیملی ممبرز کے ساتھ 23 دسمبر کو سعودی عرب گئیں۔ یہاں پر ڈرگ مافیا نے ایئرپورٹ کے عملے کی ملی بھگت سے فرحانہ اکرم کے بیگ کا ٹیگ تبدیل کیا اور اس میں منشیات چھپا کر سعودی حکام کے حوالے کر دیا۔

30 دسمبر کو سعودی عرب میں فرحانہ اکرم اور ان کے خاندان کے افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ تاہم، اے این ایف نے اپنی تحقیقاتی ٹیم کے ذریعے کیمروں کا جائزہ لیا اور تمام انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس کا تفصیل سے معائنہ کیا۔ اس دوران اے این ایف نے ایک پورٹر کو حراست میں لے کر تفتیش کی، جس سے پورے گینگ کا سراغ ملا۔

اس کے بعد اے این ایف نے انٹرنیشنل ڈرگ گینگ کے سرغنہ سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا، اور تمام شواہد سعودی حکام کے حوالے کیے جس کی وجہ سے خاندان کی رہائی ممکن ہوئی۔
 

Back
Top