
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پنجاب اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع گوجرانوالہ، نارووال اور سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی شریک تھے۔ اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال اور پنجاب میں جاری عوامی خدمت کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ آصف، سینیٹر پرویز رشید، سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، سینیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور راشد نصر اللہ بھی شریک تھے۔
گفتگو کے دوران میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کو ماضی میں پستی کی طرف دھکیل دیا گیا تھا، تاہم اب ملک میں استحکام کی فضا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی رفتار میں کمی اور اسٹاک ایکسچینج کی بہتری معیشت کی بحالی کی علامت ہیں۔ سرمایہ کار برادری کا اعتماد بحال ہو رہا ہے، جو ترقی کے سفر کی رفتار میں اضافے کا ثبوت ہے۔
نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ وفاق میں انتھک محنت کر رہے ہیں،جبکہ مریم نواز پنجاب میں ایک ماں اور بیٹی کے جذبے سے کام کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ نیک نیتی سے عوام کی خدمت کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ بھی ان کا ہاتھ تھامتا ہے۔
ارکان پنجاب اسمبلی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ترقیاتی کاموں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر طبقے کی بحالی کے لیے مؤثر پروگرامز لا رہی ہیں اور عوام ان اقدامات سے خوش ہیں۔ایک رکن اسمبلی نے کہا، "میاں صاحب، آپ مریم نواز جیسی بہادر اور قابل بیٹی پر جتنا فخر کریں کم ہے۔ ان کے اقدامات عوام کی زندگی میں مثبت تبدیلی لا رہے ہیں۔"
اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی بیٹی ہونے کے ناطے وہ عوامی خدمت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے جس طرزِ حکمرانی کی مثال قائم کی ہے، اسی روایت کو مسلم لیگ (ن) آگے بڑھا رہی ہے۔
مریم نواز نے ارکان اسمبلی کی حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی اور اعتماد ہی مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کا راز ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ پنجاب کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔
ملاقات کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا گیا اور ان کے مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔ ارکان اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں میں درپیش مسائل پر بھی گفتگو کی، جس پر مریم نواز نے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔