
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے نام عمران خان کا حالیہ خط ان کی پرانی سوچ کی عکاسی کرتا ہے اور اس کی کوئی حیثیت نہیں۔ ان کے مطابق یہ خط نہ صرف بے بنیاد ہے بلکہ اس کا کوئی جواب آنا تو درکنار، رسید تک بھی نہیں ملے گی۔ نجی ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اقدام عمران خان کی شدید مایوسی اور اضطراب کا مظہر ہے۔
عرفان صدیقی نے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کا یہ خط درحقیقت ایک چارج شیٹ ہے جو فوج کے بارے میں ان کی پرانی سوچ کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب فوج دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہی ہے، اس کے جوان اور افسر اپنی جانیں نچھاور کر رہے ہیں، ایسے میں عمران خان کا یہ کہنا کہ عوام اور مسلح افواج کے درمیان خلیج پیدا ہو چکی ہے، نہایت افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ بیان ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نے انکشاف کیا کہ یہ پہلا موقع نہیں جب عمران خان نے اس نوعیت کا خط لکھا ہو۔ انہوں نے کہا کہ 2023 کے اوائل میں بھی عمران خان نے ایک خط جنرل عاصم منیر کے نام تحریر کیا تھا جو صدر عارف علوی کے ذریعے آرمی چیف کو بھیجا گیا تھا، لیکن اس کا بھی کوئی جواب نہیں آیا تھا۔ عرفان صدیقی کے مطابق اس طرح کے خطوط سیاسی تماشے کے سوا کچھ نہیں اور ان کا کوئی عملی اثر نہیں ہوتا۔
عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ عمران خان نے ماضی میں بھی اسی طرح کے اقدامات کیے جن کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ وہ ایک دروازے پر دستک دیتے ہیں، پھر دوسرے دروازے پر چلے جاتے ہیں، کبھی مذاکرات کی بات کرتے ہیں اور پھر اچانک پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واضح نہیں کہ کون لوگ پسِ پردہ بیٹھ کر اس طرح کے خطوط تحریر کروا رہے ہیں اور عمران خان انہیں اپنا پیغام قرار دے کر آگے بڑھا رہے ہیں۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے تاریخی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں فوج کے حوالے سے خط لکھنے پر سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کو طویل سزا ہوئی تھی، لیکن عمران خان کو اس کا کوئی احساس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سمجھ لینا چاہیے کہ ان کے پاس واحد راستہ سنجیدہ مذاکرات کا ہے۔ اگر وہ کوئی عملی پیش رفت چاہتے ہیں تو انہیں سیاسی بلوغت کا مظاہرہ کرنا ہوگا، ورنہ بے مقصد خطوط لکھنے سے انہیں پہلے کچھ حاصل ہوا اور نہ ہی اب کچھ حاصل ہوگا۔
https://twitter.com/x/status/1887090496205693117
- Featured Thumbs
- https://i.dawn.com/primary/2024/08/1715203991905a5.png
Last edited by a moderator: