
پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید کو پشاور ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے سعودی عرب جانے سے روک دیا۔ وہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے روانہ ہو رہے تھے، تاہم ایف آئی اے حکام نے انہیں فلائٹ سے آف لوڈ کر دیا۔
فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے ان کے بیرون ملک جانے پر عائد پابندی ختم کر دی تھی اور ان کا نام پرویژنل نیشنل آئیڈینٹفیکیشن لسٹ (پی این آئی ایل) سے نکالنے کا حکم دیا تھا، لیکن ایف آئی اے حکام نے عدالتی احکامات پر عمل نہیں کیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ انہوں نے ایئرپورٹ پر عدالتی حکم نامہ بھی دکھایا، اس کے باوجود انہیں سفر کی اجازت نہیں دی گئی۔ فیصل جاوید نے اس اقدام کو عدالتی احکامات کی توہین قرار دیا۔
قبل ازیں، پشاور ہائیکورٹ نے فیصل جاوید کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانے کی اجازت دی تھی۔ عدالت نے اپنے دو صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا تھا کہ درخواست گزار کچھ مقدمات میں بری ہو چکے ہیں، اس لیے ان کا نام ای سی ایل سے خارج کیا جائے۔
عدالتی حکم میں مزید کہا گیا تھا کہ فیصل جاوید کی وطن واپسی پر قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کے خلاف معاملات کا دوبارہ جائزہ لے سکتے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://i.dawn.com/primary/2023/01/17121523ad1d0a2.png