پرویز خٹک سمیت کئی اہم شخصیات کے خلاف بی آر ٹی انکوائری بند

BRT-1.jpg

قومی احتساب بیورو (نیب) پشاور نے بی آر ٹی پشاور منصوبے سے متعلق مبینہ کرپشن کے متعدد کیسز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور موجودہ وزیراعظم کے مشیر پرویز خٹک، موجودہ چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ، اور دیگر اہم عہدیداروں کے خلاف تحقیقات ختم کر دی گئی ہیں۔ تاہم، کچھ دیگر افراد کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

نیب نے احسن رفیق اور مامون الرشید کے خلاف معاملہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (سیکپ) کو ریفر کر دیا۔ ٹرانس پشاور کے سابق سی ای او فیاض احمد، صفدر شبیر، وقاص صالحین، محمد عمران، اور LMKR کے سی ای او عاطف رئیس کو بھی تمام الزامات سے بری کر دیا گیا۔

نیب چیئرمین نے ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ (EBM) میں قانونی ماہرین کی رائے کے بعد کیسز بند کرنے کی منظوری دی۔

نیب کے خط (نمبر 1/34/1153/IW-I/NAB(KP) کے مطابق، جن شخصیات کے خلاف تحقیقات بند کی گئی ہیں، ان میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک، سابق چیف سیکریٹری عابد سعید، موجودہ چیف سیکریٹری اور سابق سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ شہاب علی شاہ دیگر اہم افراد بشمول عمران لطیف، عامر لطیف، سید مسعود حسین شاہ، شیخ میاں محمد یونس، محمد ایوب شیخ، اور چینی کنٹریکٹرز ژانگ چینگ، ژیاؤ ہواپنگ، اور گاؤ جیان ہیں۔

نیب نے اپنے فیصلے میں کہا کہ تفصیلی قانونی جائزے اور شواہد کی کمی کی بنیاد پر یہ کیسز بند کیے گئے ہیں۔ تاہم، کچھ معاملات کو مزید کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کو بھیج دیا گیا ہے۔
 

Back
Top