
دنیا بھر میں پاسپورٹ کی قدر کے حوالے سے درجہ بندی کرنے والے معروف ادارے "نوماڈ پاسپورٹس انڈیکس" نے 2025 کے لیے عالمی پاسپورٹس کی فہرست جاری کر دی ہے، جس کے مطابق آئرلینڈ دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ رکھنے والا ملک قرار پایا ہے۔
نوماڈ پاسپورٹ انڈیکس کی درجہ بندی میں مختلف عوامل کو مدنظر رکھا جاتا ہے جن میں انسانی حقوق، امن و امان، ویزا فری سفر، ٹیکس پالیسی، دوہری شہریت، اور ذاتی آزادی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، دنیا میں اس ملک کے بارے میں عمومی رائے بھی اس درجہ بندی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
آئرلینڈ کے پاسپورٹ کی طاقت اس بات میں جھلکتی ہے کہ آئرش شہری 176 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں، اور دیگر شعبوں میں بھی آئرلینڈ کی صورتحال عالمی معیار سے بہتر ہے۔
نوماڈ پاسپورٹ انڈیکس کی 109 ممالک کی درجہ بندی میں یونان اور سوئٹزرلینڈ 108 اسکور کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں۔ اسی طرح پرتگال چوتھے، مالٹا پانچویں، اور لگسمبرگ، فن لینڈ اور ناروے مشترکہ طور پر ساتویں نمبر پر ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ متحدہ عرب امارات، نیوزی لینڈ اور آئس لینڈ 10ویں نمبر پر ہیں، جبکہ جاپان اور سنگاپور جیسے ممالک سرفہرست میں نمایاں مقام حاصل نہیں کر سکے۔ ان ممالک کی دوہری شہریت اور ٹیکس پالیسیوں کی وجہ سے انہیں اس فہرست میں کم اسکور ملے۔
کمزور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں پاکستان پانچویں نمبر پر رہا ہے، اور مجموعی طور پر 199 ممالک کی فہرست میں اس کا نمبر 195 ہے۔ پاکستان کے بعد عراق (196)، اریٹیریا (197)، یمن (198) اور افغانستان (199) ہیں۔
یہ درجہ بندی ملکوں کے عالمی تعلقات اور سفری آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے، جو شہریوں کے لیے دنیا بھر میں مختلف امکانات اور سہولتیں فراہم کرتی ہے۔