
لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں معدنیات اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور 60 ممالک کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور ترقی کا حصہ بنیں۔
وزیراعظم نے لاہور میں منعقدہ ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ منرلز شو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار دوست ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ وقت پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے لیے نہایت موزوں ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اب ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے، معاشی استحکام کے آثار نمایاں ہیں، اور عالمی سطح پر پاکستان کے چین، افریقہ، یورپ اور امریکا سے مضبوط کاروباری اور دوستانہ تعلقات ہیں۔
وزیراعظم نے ملکی معاشی اشاریوں میں بہتری کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی شرح جو پہلے 38 فیصد تک پہنچ گئی تھی، اب سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے۔ اسی طرح پالیسی ریٹ ساڑھے 22 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد ہو گیا ہے، جو کہ معیشت کی بحالی کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت جیسے جدید شعبوں میں مہارت حاصل کر رہے ہیں، اور یہی ہمارا اصل اثاثہ ہیں۔ انجینئرنگ، زراعت اور معدنیات کے شعبے میں پاکستان کے پاس بے پناہ پوٹینشل موجود ہے، جسے بروئے کار لا کر ہم ترقی کی نئی راہیں کھول سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے تقریب کے انعقاد پر وزیرِ تجارت اور متعلقہ اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ میں دنیا بھر سے ماہرین اور سرمایہ کاروں کی موجودگی باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے نمائش میں لگائے گئے زرعی مشینری، قیمتی پتھروں، ادویات اور دیگر مصنوعات کے اسٹالز کو بھی سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بہترین کام کر رہے ہیں جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کو قدرت نے بیش بہا معدنی وسائل سے نوازا ہے، جنہیں بروئے کار لا کر پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنیاد فراہم کی جا سکتی ہے۔
آخر میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو جدت، تحقیق اور ترقی کی طرف بڑھنا ہوگا تاکہ دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلا جا سکے، اور اس کے لیے حکومت مکمل طور پر پرعزم ہے۔