
آئینی ترامیم کے معاملے پر پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا آج ہونے والے اجلاس ختم ہو گیا ہے جس میں جمعیت علماء اسلام اور پاکستان تحریک انصاف کے اراکین شریک نہیں ہوئے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین خصوصی کمیٹی خورشید شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں خالد مگسی، فاروق ستار، اعجاز الحق کے علاوہ سینیٹر انوشہ رحمان آن لائن شریک ہوئیں تاہم پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علماء اسلام کے اراکین نے شرکت نہیں کی۔
اجلاس میں 39 اراکین میں سے صرف 12 نے شرکت کی، سینٹ کے 4 اراکین اور قومی اسمبلی کے 22 میں سے 8 اراکین شریک ہوئے، اراکین کی اکثریت کمیٹی کے اجلاس میں راستے بند ہونے کی وجہ سے نہ پہنچ سکی۔ اراکین نے اجلاس میں چیئرمین کمیٹی سے استفسار کیا کہ اسمبلی اجلاس تو بلا لیا ہے کیا آئینی ترامیم پر مشاورت مکمل ہو چکی ہے؟ پہلے مشاورت کا عمل مکمل ہونا چاہیے۔
اجلاس میں آئینی ترامیم کے معاملے پر اراکین کے درمیان بات چیت ہوئی جس کے بعد اجلاس ختم ہو گیا تاہم کوئی خاص پیشرفت سامنے نہیں آئی تاہم پارلیمانی کمیٹی کا مشاورتی اجلاس کل دوبارہ ساڑھے 12 بجے طلب کر لیا گیا ہے۔ 2 دن پہلے آئینی ترامیم پر قائم کمیٹی کا اجلاس بھی ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گیا تھا جس میں پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور اے این پی اراکین کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔
https://twitter.com/x/status/1846547172181061931
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب نمبرز پورے ہوں گے تو قانون سازی میں کوئی رکاوٹ نہیں آ سکتی، انشاء اللہ آئینی ترامیم ہو جائیں گی۔ سنا ہے کہ تحریک انصاف نے اجلاس میں شرکت سے انکار کیا ہے، اب دیکھتے ہیں کہ آج پارلیمانی کمیٹی کا کورم پورا ہوتا ہے یا نہیں۔
دوسری طرف سینیٹر عرفان صدیقی نے بھی مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل طلب کیا ہے جس کے لیے پارٹی سنیٹر سے 16 اکتوبر تک اسلام آباد میں اپنی حاضری کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی اتحاد کا دعویٰ ہے کہ مجوزہ آئینی ترامیم منظور کروانے کے لیے نمبرز پورے ہیں، جلد حکمران اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں پانچویں حکومتی اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی نے بھی مسودہ پیش کر دیا ہے اور آئینی ترامیم پر ووٹنگ کیلئے 3 تجاویز سامنے رکھی ہیں۔ بی اے پی نے قومی اسمبلی میں بلوچستان اسمبلی کی نشستیں بڑھانے کی تجویز دی ہے اور ججز تعیناتی کے لیے 3 کے بجائے 5 ججز کا پینل تشکیل دینے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی نے تمام سیاسی جماعتوں کے مجوزہ آئینی ترامیم کے ڈرافٹ یکجا کر لیے ہیں جو آج لاہور میں نوازشریف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں پیش کیے جائیں گے۔ خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی چیف وہب عامر ڈوگر نے رابطہ کر کے اجلاس ملتوی کرنے کا کہا اور بتایا کہ ہم آئینی ترامیم پر آج اپنا اجلاس کر رہے ہیں ایک دن کا وقت دیا جائےجس کے بعد اجلاس کل تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/6ijlassbaynattejjakhantm.png