
پاکستانی اداکارآغا علی نے اپنی اہلیہ اداکارہ حنا الطاف سے علیحدگی کی تصدیق کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک ڈیجیٹل چینل کے پوڈ کاسٹ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آغا علی نے کہا کہ اگر میاں بیوی اپنے رشتے کو نبھانے کی تمام تر کوششوں میں ناکام رہتے ہیں تو انہیں علیحدگی اختیار کرلینی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے لوگ رشتوں کے ناکام ہونے پر اخلاقی طور پر گر جاتے ہیں اور نفرت کو پیدا کرلیتے ہیں مگر میں اور حنا کے درمیان اچھی بات یہ ہے کہ ہم دونوں ایک دوسرے کی عزت کرتے رہیں گے۔
آغا علی نے اپنی علیحدگی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت مشکل فیصلہ تھا اور میں نے کبھی یہ تصور بھی نہیں کیا تھا، میں شکر گزار ہوں کہ ہمارے بچے نہیں ہیں، ہمارے اس فیصلے کی وجہ سے کسی بچے کو مشکلات نہیں اٹھانی پڑیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ میرے والد کا جب انتقال ہوا تو میں پانچ سال کا تھا، میں سمجھ سکتا ہوں کہ بچہ ماں باپ کے بغیر کیسے رہ سکتا ہے، میں سب سے دعا کی درخواست کروں گا۔
خیال رہے کہ 2020 مئی میں آغا علی اور حنا الطاف آپس میں رشتہ ازدوج سے منسلک ہوئے تھے، 2022 میں ان کی علیحدگی کی خبریں آئیں جنہیں آغا علی نے مسترد کردیا مگر اب خود ہی انہوں نے اس کی تصدیق کردی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/hinaha11.jpg