
ملک میں سوشل میڈیا کے ذریعے افراتفری اور بدنظمی پھیلانے والوں کے خلاف شکنجہ تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ، ایسے افراد کے خلاف تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہےجس میں کہا گیا ہے کہ آئی جی اسلام آباد کی سربراہی میں ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف مہم چلانے والے ملزمان کی نشاندہی کرے گی ، ٹیم میں ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اسلام آباد، ڈائریکٹری سی ٹی ڈی ونگ ایف آئی اے، ایس ایس پی سی ٹی ڈی اسلام آباد شامل ہوں گے۔
اعلامیہ کے مطابق جے آئی ٹی ملزمان کی نشاندہی کے بعد قانون کے مطابق مقدمات قائم کرے گی۔
دوسری جانب سینئر صحافی عمر چیمہ کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ریگولیٹ کرنے کیلئے نافذ کی گئی فائر وال کو تجرباتی طور پر چلایا جارہا ہے اور اس وجہ سے ملک میں سوشل میڈیا ایپس کی رفتار بھی متاثر ہوگئی ہے، ٹرائل ختم ہونےکے بعد انٹرنیٹ اسپیڈ اور ٹریفک معمول کے مطابق آجائے گی۔
باخبر حکام کے مطابق حکومت نے سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کیلئے تیار کردہ فلٹرنگ سسٹم کو حاصل کرنے اور نصب کرنے کیلئے بجٹ میں 30 ارب روپے سےزائد کی رقم مختص کی گئی، سسٹم کو نصب کرنے کا مقصد جھوٹی خبریں پھیلانے والے اور حکومت مخالف پراپیگنڈہ کرنے والے صارفین کو کنٹرول کرنا ہے اورایسے افراد کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کردہ مواد کو ڈیلیٹ کرنا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/1soabuammejiattafratafri.png