سوشل میڈیا پر اپنی چائے بناتے تصویر سے شہرت پانے والے ارشد خان المعروف چائے والا کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کر دیے گئے ہیں۔ نادرا اور پاسپورٹ حکام کے مطابق ارشد خان اپنی پاکستانی شہریت کے ثبوت پیش نہیں کر سکے۔
حکام کا مؤقف ہے کہ ارشد خان سے 1978 سے پہلے کے رہائشی شواہد طلب کیے جا رہے ہیں۔ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک ہونے کے بعد ارشد خان نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ سے رجوع کر لیا ہے۔
ارشد خان نے اپنے وکیل عمر اعجاز گیلانی کے ذریعے عدالت میں درخواست دائر کی ہے، جس میں شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی بحالی کی استدعا کی گئی ہے۔ عدالت نے نادرا اور پاسپورٹ حکام کو ریکارڈ سمیت 17 اپریل کو طلب کر لیا ہے۔
یادرہے کہ ارشد خان، جنہیں عوام میں چائے والا کے نام سے جانا جاتا ہے، اسلام آباد کے ایک مقامی بازار میں چائے بنانے کا کام کرتے تھے۔ 2016 میں ان کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں وہ نیلی آنکھوں اور پرکشش شخصیت کے ساتھ چائے بناتے نظر آ رہے تھے۔ اس تصویر نے ارشد خان کو راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ بعد ازاں وہ ماڈلنگ اور شوبز کی دنیا میں بھی نظر آئے۔
اسلام آباد میں چائے والا کیفے کے نام سے اپنا کاروبار بھی شروع کیا۔ ارشد خان کا شمار پاکستان کے ان چند افراد میں ہوتا ہے جنہوں نے سوشل میڈیا سے شہرت حاصل کر کے اپنی زندگی بدل لی۔