
اسرائیل کی فوج کے جنوبی لبنان میں کیے جانے والے زمینی حملوں کے باعث بھارت کے فوجی بھی خطرے میں پڑ گئے ہیں۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی فوج نے پچھلے 2 دنوں کے دوران جنوبی لبنان میں زمینی حملوں کے ساتھ ساتھ اسرائیل کی سرحد پر اقوام متحدہ کی طرف سے تعینات امن فوج (یونیفل) پر دو حملے کیے جا چکے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے ان زمینوں حملوں کے نتیجے میں سری لنکا اور انڈونیشیا کے 2،2 فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں کے زمینی حملوں کی وجہ سے اب بھارتی فوجی بھی خطرے میں پڑ گئے ہیں کیونکہ یونائیٹڈ نیشنز انٹیرم فورس ان لبنان (یونیفل) میں تقریباً 600 کے قریب بھارتی فوجی بھی شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کی طرف سے بھارتی فوجیوں کو اسرائیل اور لبنان کی مشترکہ سرحد پر 120 کلومیٹر طویل بیلولائن پر تعینات کیا گیا ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے اقوام متحدہ کی امن افواج (یونیفل) پر اسرائیلی فوجیوں کے حملے کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہمیں بیلولائن پر بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے اور ہم اس معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کی عمارت کا احترام تمام ملکوں کو کرنا چاہیے اور اقوام متحدہ کو امن فوجیوں کی حفاظت کے لیے مناسب اقدامات کرنے چاہیے۔
بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے امن دستوں کے مینڈیٹ کا احترام یقینی بنایا جائے، یونیفل کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اسرائیل لبنان سرحد کے قریب الناقورہ میں اسرائیلی فورسز کی طرف سے 2 دھماکے کیے گئے جن میں 2 فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
یونائیٹڈ نیشنز انٹیرم فورس ان لبنان (یونیفل) کے مطابق اسرائیلی فوج کے بلڈوزر نے ایک چوکی کی حفاظتی دیواروں کو گرا دیا جس کے بعد اسرائیلی فوج کے ٹینک چوکی کے قریب پہنچ گئے۔ اسرائیلی ٹینک کی طرف سے گزشتہ روز بھی الناقورہ ہیڈکوارٹر میں ایک واچ ٹاور کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے باعث 2 فوجی زخمی ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ سلامتی کونسل کی طرف سے اسرائیل اور لبنان کی سرحد پر اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یونیفل) کو مارچ 1978ء میں لبنان سے اسرائیلی انخلاء کے بعد لبنان میں امن وسلامتی بحال کرنے اور اس علاقے میں لبنان کی اتھارٹی کو بحال کرنے میں لبنانی حکومت کی مدد کرنے کے لیے تشکیل دیا گیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14inaannpeamakekrs.png