
ایران نے یکم اکتوبر کو اسرائیل پر تقریباً 200 بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا تھا جس کے بعد ایرانی پاسداران انقلاب کی طرف سے دھمکی دی گئی تھی کہ اسرائیل نے اگر جوابی کارروائی کی تو ایران مزید حملے کرے گا۔
اسرائیل نے ان حملوں کا مقابلہ کرنے کیلئے کم فاصلے تک مار کرنے والے راکٹوں کیلئے تیار کیے گئے آئرن ڈوم سسٹم سے لے کر ایروسسٹم تک تمام میزائل دفاع نظام استعمال کیے جو خلا اور فضا سے داغے بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔
دوسری طرف ایران کے اسرائیل پر حالیہ بیلسٹک میزائل حملے کے بعد امریکہ کی طرف سے اسرائیل میں تھاڈ نامی میزائل ڈیفنس سسٹم نصب کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے لیے عملہ بھی ساتھ بھجوایا جا رہا ہے۔ پینٹاگون کی طرف سے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل کے دفاع کے لیے تھاڈ (دفاعی میزائل سسٹم) عملے سمیت اسرائیل بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع یووگیلنٹ نے ایرانی میزائل حملے کے بعد کہا تھا کہ اسرائیل کا جوابی حملہ عین نشانے پر ہو گا جو انتہائی مہلک ہو گا۔ پینٹاگون نے امریکہ کا تھاڈ سسٹم اسرائیل کو بھیجنے کا فیصلہ وہاں مقیم امریکی شہریوں کو ممکنہ ایرانی میزائل حملوں سے بچانے کے عزم کے اظہار کے طور پر کیا ہے، قبل ازیں پچھلے سال اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد تھاڈ سسٹم 7 اکتوبر کو مشرق وسطیٰ بھجوایا گیا تھا۔
امریکہ نے 2019ء میں بھی ٹریننگ ودفاعی مشقوں کیلئے تھاڈ سسٹم اسرائیل بھیجا تھا، ایران کا کہنا تھا کہ یکم اکتوبر کا حملہ بیرون میں سینئر رہنما پاسدارانِ انقلاب اور حزب اللہ رہنما حسن نصراللہ کے قتل اور تہران میں سربراہ حماس اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت کا جواب ہے۔ ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کیخلاف اسرائیلی کارروائیوں میں بھی حالیہ کچھ عرصے میں بڑی حد تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اسرائیل کی طرف سے مشرقی وجنوبی لبنان اور بیرون پر فضائی حملے کیے جا رہے ہیں جبکہ زمینی فوج بھی لبنان میں داخل ہوئی ہے تو دوسری طرف حزب اللہ نے اسرائیل پر راکٹ حملے کیے ہیں۔ حزب اللہ کے اسرائیلی فوجی اڈے پر ڈرون حملے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 60 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔
اسرائیلی بیان میں حیفہ کے جنوب میں 33 کلومیٹر کے فاصلے پر بنیامینہ نامی قصبے سے متصل اسرائیلی فوجی اڈے پر ڈرون حملے میں 4 فوجی ہلاک اور 60 سے زیادہ زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔ حزب اللہ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ حیفہ اور تل ابیب کے درمیانی علاقے میں آئی ڈی ایف گولانی بریگیڈ کے تربیتی کیمپ پر حملہ کیا گیا تھا۔
امریکی تھاڈ دفاعی نظام درمیانے اور مختص فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کو اس وقت گرا سکتا ہے جب وہ پرواز کے آخری مرحلے کے قریب ہوتا ہے جس کی رینج 200 کلومیٹر بتائی گئی ہے جو 150 کلومیٹر بلندی تک کام کرتا ہے۔ دشمن کی طرف سے میزائل داغے جانے کی صورت میں تھاڈ کا ریڈار سسٹم فوری طور پر اس کا پتا لگا لیتا ہے۔
تھاڈ کا ریڈار سسٹم فوری طور پر معلومات اپنے کنٹرول وکمانڈ سسٹم کو فراہم کرتا ہے جو ایک انٹرسیپٹر میزائل لانچ کرنے کی ہدایات جاری کرتا ہے جس کے بعد انٹرسیپٹر میزائل دشمن کی طرف سے داغے گئے میزائل کی طرف فائر کیا جاتا ہے۔ تھاڈ سسٹم ڈیفنس سسٹم کے ایک لانچر ٹرک پر 8 انٹرسیپٹر میزائل نصب ہوتے ہیں اور انٹرسیپٹر میزائل بیلسٹک میزائل کو پرواز کے آخری مرحلے میں مار گراتا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/thaadahi11h1.jpg