
میکڈونلڈ پاکستان نے اسرائیل فلسطین تنازعہ میں بین الاقوامی فوڈ چین سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر وضاحت جاری کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میکڈونلڈ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں اسرائیل میں واقع میکڈونلڈ اور اس کے امور سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ ایک مقامی انٹرپرائز ہے جس کی ملکیت اور آپریشنز ایک پاکستانی لمیٹڈ کمپنی کے زیراختیار ہیں، اسرائیلی میکڈونلڈ اسرائیلی انٹرپرائز کے زیر اختیار ہےجو اپنے کاروباری ، ابلاغی فیصلوں کا خود ذمہ دار ہے، اسرائیلی میکڈونلڈ کے فیصلوں و پالیسیوں کا ہمارے پاکستانی بزنس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
میکڈونلڈ پاکستان کے مطابق 1998 سے لاہور سے شروع ہونے والے ہمارا سفر میں آج تک مقامی کمیونٹی کے فروغ، اور ملک میں پھیلے ہوئے81 ریسٹورنٹس کی مدد سے ملکی معیشت میں انتہائی اہم کردار ادا کررہے ہیں، ہم ملک میں روزگار کے مواقع، لوکل کاروباری پارٹنر شپس اور معاشی ترقی میں پیش پیش ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ میکڈونلڈ پاکستان ایک تجارتی ادارہ ہے جس کا مقصد بہترین فوڈ اور شاندار سروسز کی فراہمی ہے، ہمارا کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیوں میں کوئی حصہ نہیں ہے، ہم آپ کے بے حد مشکور ہیں کہ آپ ہماری فیملی کا حصہ ہیں۔
خیال رہے کہ بین الاقوامی فوڈ چین میکڈونلڈ اسرائیل نے اسرائیل فلسطین جنگ کے دوران اسرائیلی فوجیوں کیلئے مفت خوراک کی فراہمی کا اعلان کیا تھا اور سیکیورٹی اور ریسکیو فورسز کو امداد و عطیات کی فراہمی کیلئے 5 خصوصی برانچز بھی قائم کی تھیں۔
میکڈونلڈ اسرائیل کی جانب سے اس اعلان کے بعد پاکستان میں میکڈونلڈ کو شدیدتنقید اور بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/8mcdonalpakistankhsjsgfd.png