اسلام آباد آبپارہ چوک، گالیاں دینے پر شہری نے اسلام آباد ٹریفک اہلکار پر حملہ کرکے زخمی کر دیا
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اسد نامی اہلکار نے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو روکنے کے بعد گالیاں دیں اور تھپڑ مارے
گالیاں دینے پر نوجوان طیش میں آگیا، ہیلمٹ اٹھاکر اہلکار پر ٹوٹ پڑا، ٹریفک وارڈن کے چہرے پر زخم آگئے مذکورہ اہلکار ہر کسی کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آتا ہے، گالیاں دینا اپنا حق سمجھتا ہے، اس کے ساتھ ٹھیک ہوا ہے، مقامی تاجر
آبپارہ چوک میں موٹر سائیکل سوار نوجوان نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اہلکار کی خوب دھنائی کرکے اس کی آنکھیں سوجھا دیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹریفک اہلکار کو بدتمیزی کرنے اور گالم گلوج کرنے پر نوجوان نے ہیلمٹ سے حملہ کرکے زخمی کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات 14 مارچ کو آبپارہ چوک میں تعینات اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اسد نامی باوردی اہلکار کو ایک موٹر سائیکل سوار نوجوان نے زدوکوب کرکے زخمی کر دیا۔ اس موقع پر عوام کا ایک ہجوم وہاں جمع ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق پولیس اہلکار اسد نے ایک موٹر سائیکل سوار نوجوان کو روکا۔ جس کے بعد اہلکار نے نوجوان کو گالیاں دیں اور تھپڑ مارا۔ جس پر نوجوان نے اپنے ہیلمٹ سے اہلکار پر حملہ کر دیا اور اس کی خوب دھنائی کی۔ اس دوران وہاں آس پاس کے تاجر ، سٹاپ پر موجود ٹرانسپورٹرز اور راہگیروں کا ہجوم اکٹھا ہوگیا۔ مقامی تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھاکہ ٹریفک اہلکار اسد کا رویہ شہریوں کے ساتھ انتہائی ہتک آمیز ہوتا ہے اور گالم گلوج کرتا ہے۔ قبل ازیں بھی اس کی شکایات ہوتی رہی ہیں۔ وقوعہ کے روز بھی اس نے ایک نوجوان بائیک رائیڈر کو گالیاں دیں اور تھپڑ مارے جس کی وجہ سے اس نوجوان نے اس پر حملہ کیا۔