
کراچی کے ایک نجی اسکول کے واش روم سے خفیہ کیمرے برآمد ہونے کے بعد محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے کے اسکولوں کے اچانک معائنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے واقعے کے بعد محکمہ تعلیم سندھ نے فیصلہ کیا ہے کہ ویجلنس کمیٹی اسکولوں کے سرپرائز انسپکشن کرے گی۔
انہوں نے نجی اسکول کے واش رومز میں خفیہ کیمروں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 3 نومبر کو کراچی کے علاقے صفورا گوٹھ کے ایک اسکول میں نوکری کرنے والی خاتون ٹیچر نے خفیہ کیمروں سے متعلق شکایت کی۔
سید سردار شاہ نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی ویجلنس ٹیم نےایک دن اچانک اسکول کا دورہ کیا اور اسکول کے واش رومز سے خفیہ کیمرے برآمد کیے، جس کے بعد اسکول کی رجسٹریشن کینسل کرکے اسے بند کردیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاملہ سائبر کرائم سے متعلق ہے ، ایف آئی اے اس معاملے کی تحقیقات کرے گی واش رومز میں خفیہ کیمرے لگانے کے ذمہ دار افراد کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، اسکول کی خاتون اساتذہ، طالبات اور دیگر اسٹاف اگر اسکول انتظامیہ کے خلاف کرمنل چارجز لگانا اور اس کے تحت کارروائی چاہتے ہیں تو وہ اپنی مدعیت میں پولیس کمپلین درج کروائیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9sardar.jpg