
پرویز الہی کے اعتماد کے ووٹ لینے میں کامیاب ہونے پر پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف پارٹی کی صوبائی قیادت پر شدید برہم ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف نے معاملے پر استفسار کرتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ قائد مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت کو آگاہ کیا گیا تھا کہ تحریک انصاف کے کم از کم 7 ناراض اراکین پی ڈی ایم سے رابطوں میں ہیں، ناراض اراکین کیسے ووٹنگ کے لئے پہنچ گئے، انہیں مینیج کیوں نہیں کیا جا سکا۔
رانا ثناء اللہ نے نواز شریف اور مریم نواز کو معاملے پر ابتدائی رپورٹ پیش کرتے ہوئے مریم نواز کی فوری وطن واپسی کی تجویز دے دی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز فوری وطن واپس نہیں آتیں تو پارٹی کو نقصان ہو سکتا ہے۔
رانا ثنا نے نواز شریف کو پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے معاملے پر دستیاب آئینی و قانونی آپشنز پر بریفنگ دی۔ نواز شریف نے پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کے لئے ہر ممکن اقدام کرنے کی ہدایت کر دی۔
نواز شریف کی ہدایت پر وزیراعلی پنجاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائے جانے کا امکان ہے۔ تحریک عدم اعتماد پر آج ہی اراکین کے دستخط کرائے جائیں گے۔ وزیراعلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد مکمل کر کے نواز شریف کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔
نواز شریف نے رانا ثنا اللہ کو پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے بھی مزید مشاورت کی ہدایت کر دی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/aitmand112121.jpg