الزامات لگانے والےکو سبق سکھانے کیلئے پاکستان بھی جاسکتی ہوں:بھارتی اداکارہ

clina-jaity-feroz-khan-indian.jpg


تمام دوستوں اور ہندوستانی میڈیا کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے میرے حوصلے کو بڑھائے رکھا: بھارتی اداکارہ

2001ء میں مس انڈیا کا خطاب حاصل کرنے والی بھارت کی معروف فلمی اداکارہ سیلینا جیٹلی نے پاکستانی شہری ہونے کا دعویٰ کرنے والے مقامی صحافی عمیر سندھو کے خلاف نامناسب الزامات عائد کرنے پر قانون کارروائی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سیلینا جیٹلی کا کہنا تھا کہ اپنے اوپر عائد کیے گئے الزامات کے خلاف اپنی زندگی کی آخری سانس تک لڑوں گی چاہے اس کیلئے مجھے پاکستان ہی کیوں نہ جانا پڑے۔

معاملہ اس وقت سامنے آیا جب چند ہفتے پہلے مقامی صحافی عمیرسندھو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سیلینیا جیٹلی کی زندگی کے حوالے سے انتہائی نامناسب ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ: سیلینا جیٹلی بالی وڈ کی واحد اداکارہ ہیں جن کے آنجہانی اداکار فیروز خان اور ان کے صاحبزادے فردین خان سے جنسی تعلقات ہیں۔

عمیر سندھو کے ٹویٹ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے سیلینیا جیٹلی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ: آپ کے نفسیاتی مسائل کو حل کرنے اور بھی بہت سے طریقے ہیں، آپ کو کسی ڈاکٹر سے رابطہ کرنا چاہیے! سیلینیا نے ٹوئٹر سیفٹی کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ: اس شخص کے خلاف ایکشن لیا جائے! گزشتہ روز سیلینیا جیٹلی نے ایک طویل ٹوئٹر پیغام میں واقعے کی تفصیل اور عمیر سندھو کیخلاف کارروائی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

311302558add925.jpg


سیلینا جیٹلی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ: کچھ ماہ پہلے ایک خودساختہ فلمی ناقد وپاکستانی صحافی عمیر سندھو نے مجھ پر میرے استاد فیروز خان اور ان کے صاحبزادے فردین خان کے ساتھ جسمانی تعلقات کے جھوٹے الزامات عائد کیے جبکہ آسٹریلیا میں میرے خاندان اور مجھے نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کر رہے ہیں۔

عمیر سندھو کے جعلی الزامات اور مجھے ہراساں کرنے پر پاکستان میں بھی میرا ردعمل وائرل ہوا تھا جس پر پاکستانی شہریوں سمیت لاکھوں ٹوئٹر صارفین نے مجھے سپورٹ کیا۔ عمیر سندھو الزامات عائد کرنے اور ہراساں کرنے کے بعد سے پاکستان میں روپوش ہو چکا ہے اور اپنی سوشل میڈیا لوکیشن بھی تبدیل کر لی ہے اس لیے اس کیخلاف قانونی چارہ جوئی ممکن نہیں لیکن وہ وہاں چھپ کر میرے کردار پر حملہ کر رہا ہے۔

سیلینا کا کہنا تھا کہ میں نے یہ معاملہ بھارتی خواتین کے قومی کمیشن میں اٹھایا جہاں میری شکایت پر نوٹس لیتے ہوئے ضروری کارروائی کیلئے وزارت خارجہ اور جوائنٹ سیکرٹری کو خط لکھا گیا جس پر وزارت خارجہ کی طرف سے مثبت جواب ملا ہے۔ وزارت خارجہ نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے رکھ کر فوری طور پر تحقیقات کر کے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

https://twitter.com/x/status/1685558183811547137
سیلینا جیٹلی کا کہنا تھا کہ یہ لڑائی میں صرف اپنے کردار پر لگے الزامات کیخلاف نہیں بلکہ میرے خاندان، میرے استاد فیروز خان جو اپنا دفاع کرنے کیلئے دنیا میں موجود نہیں ہیں کیلئے بھی لڑ رہی ہوں۔ فیروز خان میرے رہنما، استاد اور ایک دوست تھے، ان کی طرف سے دیئے جانے والے احترام، محبت اور کیریئر کیلئے میں ہمیشہ ان کی شکرگزار رہوں گی۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میں بھارت کے ایک جنگی ہیرو کی بیٹی ہوں اور میں ان الزامات پر اپنی آخری سانس تک لڑوں گی چاہیے اس شخص کو سبق سکھانے کی خاطر مجھے پاکستان ہی کیوں نہ جانا پڑے۔ آخر میں میرے تمام دوستوں اور ہندوستانی میڈیا کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے میرے حوصلے کو بڑھائے رکھا۔ مجھے بھارتی خاتون ہونے پر فخر ہے! جے ہند!!
واضح رہے کہ پاکستان شہری ہونے کا دعویٰ کرنے والے مقامی صحافی عمیر سندھو کے ٹوئٹر اکائونٹ پر لکھے گئے بائیو کے مطابق وہ فلمی ناقد ہیں۔ عمیر سندھو بھارت کے فلم سٹارز اور ان کی فلموں پر اپنی ذاتی رائے کے علاوہ بھارتی فلم سٹارز کی زندگیوں پر بھی تبصرے کرتے رہتے ہیں۔