
الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری،شہبازشریف کاوزیراعظم کوخط
الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیر اعظم عمران خان کو جوابی خط لکھ دیا ہے،شہباز شریف نے ممبر پنجاب کے لیے چھ اور ممبر خیبر پختونخوا کے لیے تین نام تجویز کیے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر کی جانب سے الیکشن کمیشن کے ممبر پنجاب کے لیے جسٹس ریٹائرڈ طارق افتخار ۔ جاوید انور ۔ جسٹس ریٹائرڈ مشتاق احمد ۔ خالد مسعود چوہدری ۔ عرفان قادر اور عرفان علی کے نام تجویز کیے ہیں،ممبر خیبر پختونخوا کے لیے سید افسر شاہ ۔ سردار حیسن شاہ اور سہیل الطاف کے نام تجویز کیے گئے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے وزیر اعظم کے نام اپنے خط میں کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے سست روی کے باعث پہلے ہی ارکان کی تقرری کا عمل تاخیر کا شکار ہو چکا ہے، اپوزیشن حکومت کی جانب سے دیے گئے ناموں پر غور کر رہی ہے ۔ حکومت بھی اپوزیشن کے تجویز کردہ ناموں پر غور کرے۔
شہباز شریف نے الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کے لیے وزیراعظم کی قائد حزب اختلاف سے سنجیدہ، مخلصانہ اور حقیقی مشاورت کی ضرورت پر بھی زور دیا،اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن ارکان کی خالی اسامیوں پر تقرری کیلئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو خط لکھا تھا۔
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وزیراعظم کی جانب سے خط کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ خط میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ارکان کیلئے 3، 3 نام تجویز کیے گئے ہیں،وزیراعظم نے ممبر پنجاب کیلئے احسن محبوب، راجا عامر خان اور سید پرویز عباس جبکہ خیبر پختونخوا کے رکن کیلئے جسٹس (ریٹائرڈ) اکرام اللہ خان، فرید اللہ خان اور مزمل خان کے نام تجویز کیے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/vxFPmBW/ecp.jpg