وزیراعظم شہباز شریف کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر اظہار تشکر
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے افغانستان میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم رہا ہے اور کسی بھی عسکریت پسند گروہ کو دوسرے ممالک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کے اصول پر کاربند ہے۔
انہوں نے کہا، "ہم دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد میں ثابت قدم ہیں اور اس راہ میں پاکستان نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ ہمارے 80,000 سے زائد بہادر فوجی اور شہری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔"
https://twitter.com/x/status/1897174186851733915
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پاکستان کی قیادت اور عوام کا عزم غیر متزلزل ہے۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان علاقائی امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے امریکا کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دہشت گرد کا نام لیے بغیر اس کی گرفتاری پر پاکستان سے اظہار تشکر کیا ۔
کانگریس سے خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ ساڑھے 3 سال پہلے داعش نے 13 امریکیوں کو افغانستان میں قتل کیا تھا، ساتھ ہی انہوں نے افغانستان سے بائیڈن دور میں کیے گئے امریکی فوج کے انخلاء کو انتہائی شرم ناک قرار دیا اور کہا کہ مجھے یہ اعلان کر کے خوشی ہو رہی ہے کہ افغانستان میں دہشت گردی کا بڑا ذمے دار پکڑا گیا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1897680133089083708
Last edited by a moderator: