
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ 9 مئی کو فوج پرہونے والے حملے کو ناکام بنا کر ملک کے ایٹمی پروگرام کو بچالیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور ن لیگ کے مرکزی رہنما احسن اقبال نےاپنے حلقے نارووال میں ورکرز کنونش سےخطاب کیا اور کہاکہ9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف نے پاک فوج پر حملہ کیا، اس سازش کو ناکام بنا کر ملک کے ایٹمی پروگرام کو بچانے پر میں پاکستانی قوم کو سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی والے پاکستان کی ریاست سے بھی بڑا بت بنانے کی کوشش کرتے ہیں، پاکستان ہم سب سے بڑا ہے، قوم ایسے بتوں کو پاش پاش کرکے رکھ دیتی ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، ہم وزیراعظم بنیں یا نا بنیں پاکستان ہمیشہ رہے گا، عام انتخابات میں پی ٹی آئی والوں کی ضمانتیں ضبط کروادیں گے۔
فلسطین اسرائیل جنگ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ایک امریکی سینیٹر نے اس جنگ کو مذاہب کی جنگ قرار دیا ہے، اس کا مطلب یہ مسلمان مخالف جنگ ہے، امریکہ میں ایک لابی ایسی بھی ہے جو اسلام دشمنی میں اندھی ہوچکی ہے، آج ہر مسلمان کا دل بوجھل ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں ہمارے فلسطینی بھائی بہنوں کے گھرموت کے گھاٹ بن چکے ہیں، ان کے گھروں پر اسرائیلی طیارے بمباری کررہے ہیں، ہم یہاں روشنیوں اور امن و سکون میں بیٹھے ہیں، مگر وہاں وہ لوگ کربلا میں بیٹھے ہیں، ان کے پاس نا پانی ہےنا بجلی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9ahsaianiqbajkssh.png