
لاہور: انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (آئی ٹی اے) نے پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے سابق نائب صدر امجد امین بٹ اور کوچ وقاص اکبر پر 4 سال کی پابندی عائد کردی ہے۔ دونوں اہلکاروں نے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی غلطی تسلیم کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امجد امین بٹ اور وقاص اکبر پر آرٹیکل 2.5 اور آرٹیکل 2.9 کی خلاف ورزی کا الزام ثابت ہوا ہے۔ آئی ٹی اے نے دونوں کو 24 فروری 2025 سے 23 فروری 2029 تک 4 سال کی معطلی کی سزا سنائی ہے۔ اس دوران وہ کسی بھی کھیلوں کے ایونٹ میں حصہ لینے یا کوچنگ کرنے کے اہل نہیں ہوں گے۔
دونوں افراد کو فیصلے کے خلاف کھیلوں کی ثالثی عدالت (کورٹ آف آربیٹریشن فار اسپورٹس) میں اپیل کرنے کا حق حاصل ہے۔ اگر وہ اپیل کریں گے تو عدالت کا فیصلہ ان کی پابندی کے معاملے پر حتمی ہوگا۔
آئی ٹی اے، جو کہ سوئٹزرلینڈ میں واقع ایک بین الاقوامی تنظیم ہے، کا بنیادی مقصد کھیلوں میں ڈوپنگ کے خلاف جنگ کرنا ہے۔ یہ غیر منافع بخش فاؤنڈیشن بین الاقوامی فیڈریشنز، بڑے ایونٹ آرگنائزرز اور دیگر کھیلوں کی تنظیموں کے لیے اینٹی ڈوپنگ پروگرامز کا انتظام کرتی ہے۔
یہ پابندی پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے، جس کے بعد فیڈریشن کو اپنے اندرونی معاملات کی ازسرنو جانچ پڑتال کرنے کی ضرورت ہے۔ کھیلوں کے حلقوں میں اس فیصلے کو اینٹی ڈوپنگ قوانین کے اطلاق میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔