انڈین میڈیا میرے والدین کو پریشان نہ کرے:دیربالا پہنچنے والی بھارتی لڑکی

indian-media-pakistan-anju.jpg


پاکستان اور بھارت کے درمیان سوشل میڈیا کے ذریعے دوستی اور محبت کے پھول پروان چڑھ رہے ہیں، فیس بُک دوست سے ملنے دیربالا آنے والی بھارتی لڑکی انجو نے اپنے مختصر بیان میں کہا وہ اپنی مرضی سے پاکستان آئی ہے، بھارتی میڈیا میرے والدین کو پریشان نہ کرے۔

انجو نے اپنے پیغام میں کہا لیگل ویزے پر آئی ہوں، تین سال سے کوشش جاری تھی یہاں میں محفوظ اور خوش ہوں، نصراللہ اور اسکے گھر والوں نے میری توقع سے زیادہ عزت دی، انڈین میڈیا میرے گھر والوں کو پریشان نہ کرے میں جلد واپس بھارت آجاؤں گی۔

نصراللہ نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں کہا انجو کے ساتھ میرے مراسم تھے اور پاکستان لانے کے لیے میں نے قانونی کارروائی میں مدد کی، انجو کی ماں سے میری بات چیت ہوئی اور انجو بھی چاہتی تھی وہ پاکستان آئے۔

نصراللہ نے کہا مجھ سے نکاح کا عمل پورا کرنے کے لیے دستاویزات قانونی بنائیں تاکہ آنے جانے میں مشکل نہ ہو، انجو پر میری کوئی زور زبردستی نہیں وہ اپنی مرضی سے آئی ہے، انجو نے خود کہا ہے کہ وہ اسلام کا مطالعہ کرے گی۔

نصراللہ نے کہا انجو 30 دن کے ویزے پر آئی ہے ملازمت کی وجہ سے وہ واپس جائے گی اور وہاں اپنے معاملات ٹھیک کرکے شادی کے لئے دوبارہ مستقیل پاکستان آئے گی،ادھر سوشل میڈیا پر انجو اور نصراللہ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا مقامی لوگوں نے انجو کو خوش آمدید کہا ہے اور نصراللہ کے ساتھ خوشی کا اظہار کیا۔

اس سے قبل بھارتی نوجوان کی محبت میں گرفتار ہوکر بھارت جانے والی پاکستانی خاتون اور 4 بچوں کی ماں سیما حیدر اب سیما سچن بن چکی ہے،پاکستانی خاتون سیما حیدر جو موبائل گیم پب جی کھیلتے کھیلتے بھارتی نوجوان سچن سنگھ کی محبت میں ایسے گرفتار ہوئی کہ 4 بچوں کے ساتھ بھارت پہنچ گئی۔

سیما نے اپنے انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ کراچی میں8 سال سے رہ رہی تھی، موبائل گیم پب جی کھیلتے ہوئے اس کی بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر نووائیڈہ کے سچن سنگھ سے دوستی ہوئی اور پھر آڈیو ، ویڈیو کالز کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا،سیما دو بار کراچی سے دبئی کے راستے نیپال پہنچی۔

پہلی بار اکیلی کراچی سے دبئی اور پھر 13 مارچ کو نیپال پہنچی جہاں اس کی سچن سے ملاقات ہوئی، دونوں نے شادی بھی کرلی، فیصلہ ہوا کہ سیما اپنے بچوں کے ساتھ بھارت منتقل ہوجائے، 17 مارچ کو سیما واپس پاکستان پہنچ گئی اور اپنی تین بیٹیوں اور ایک بیٹے کا پاسپورٹ بنوایا۔