
ڈائمنڈ کارڈ سالانہ بنیادوں پر 50 ہزار ڈالرز پاکستان بھیجنے والوں کو جاری کیے جائیں گے: اسحاق ڈار
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مالی سال2023-24کا145 کھرب کا بجٹ آج قومی اسمبلی میں پیش کر دیا ہے جس میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے رمٹینس کارڈ کی کیٹیگری میں ایک نئے "ڈائمنڈ کارڈ" کے اجراء کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ڈائمنڈ کارڈ سالانہ بنیادوں پر 50 ہزار ڈالرز پاکستان بھیجنے والوں کو جاری کریں گے جس پر انہیں خصوصی رعایات دی جائیں گی جس میں ملک کے ایئرپورٹس پر جلد سے جلد امیگریشن کی سہولت بھی شامل ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بجٹ تقریر کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ممالک سے پیسے بھیجنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو ان کی رقوم کے لیے خصوصی سہولیات دینے کے لیے ڈائمنڈ کارڈ کا اجراء کر رہے ہیں۔ ڈائمنڈ کارڈز کے حامل افراد کو دی جانے والی مراعات میں پاکستان کے قونصل خانوں وسفارتخانوں میں ترجیحی بنیادوں پر رسائی، گریٹیز پاسپورٹ اور ایک غیر ممنوعہ ہتھیار کا لائسنس بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک سے زرمبادلہ کی فارمل چینلز کے ذریعے بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے ترسیلات زر کے ذریعے غیرمنقولہ جائیداد کی خریداری پر موجودہ 2 فیصد ٹیکس کو ختم کر رہے ہیں۔ ڈائمنڈ کارڈ ہولڈرز کو قرعہ اندازی کر کے انعامات دیئے جائیں گے جس کیلئے خصوصی سکیم کا اجراء بھی کریں گے۔
علاوہ ازیں وزیر خزانہ نے بتایا کہ ویمن امپاورمنٹ کیلئے 5 ارب روپے رکھے گئے ہیں جبکہ کاروباری خواتین کیلئے ٹیکس شرح میں چھوٹ اور نوجوانوں کی طرف سے شروع کیے گئے کاروبار سے آمدنی پر ٹیکس کی شرح 50 فیصد تک کم کرنے کی تجویز ہے۔ رعایت انفرادی یا اے او پی کی صورت میں 20 لاکھ روپے اور کمپنی کی صورت میں 50 لاکھ روپے تک کی تجویز ہے۔