آن لائن لون ایپلی کیشن کے ذریعے فراڈ کرنے والوں کا سرغنہ گرفتار

loan-apps-fraud-pakistan-art-t.jpg


ملزم شہریوں کے نجی ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کے بعد قرض دہندگان کو بلیک میل بھی کرتا تھا:ذرائع

ذرائع کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی طرف سے قرض فراہم کرنے والی آن لائن ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں سے فراڈ کرنے والوں کا سربراہ غیرملکی باشندہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیا گیا ملزم پچھلے 10 مہینوں سے لاہور کے معروف علاقے گلبرگ میں آن لائن قرضے فراہم کرنے کا کام کر رہا تھا اور دھوکہ دہی میں معاونت کیلئے متعدد مقامی لوگوں کو اپنے پاس ملازمت پر رکھا ہوا تھا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق سائبر کرائم ونگ نے صوبائی دارالحکومت کے معروف علاقےگلبرگ میں کارروائی کر کے جیان لی یانگ نامی غیرملکی باشندے کو گرفتار کیا۔ ملزم آن لائن قرض فراہم کرنے والی ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں کے نجی ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کے بعد قرض دہندگان کو بلیک میل بھی کرتا تھا۔ ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد باقاعدہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزم جیان لی یانگ پاکستان میں آن لائن ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں سے فراڈ کرنے والوں کا سربراہ ہے ۔ ملزم سے تفتیش کرنے پر اس نے سینکڑوں شہریوں سے فراڈ کرنے کا اعتراف کیا ہے، تحقیقات میں مزید انکشافات سامنے آنے کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ آن لائن لون ایپلی کیشنز کے ذریعے سینکڑوں پاکستانیوں کے علاوہ بھارت میں بھی فراڈ کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔

گزشتہ دنوں راولپنڈی کے ایک شہری نے 13 ہزار قرض لیا جو بعد میں اتنا بڑھ گیا کہ مجبوراً خودکشی کر لی جس کے بعد سے آن لائن فراڈ کرنے والوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ چند دن قبل بھی لاہور میں آن لائن کاروبار کرنے والی 2 نجی کمپنیوں کی طرف سے شہریوں سے کروڑ روپے کا فراڈ کرنے کا انکشاف سامنے آیا تھا۔