اٹلی جانے کے خواہش مند چار پاکستانی نوجوان ایران میں اغواکاروں کے حوالے

sLIy3145Em.jpg

چونیاں: چونیاں کے نواحی گاؤں گرداس والا سے مصطفیٰ نامی نوجوان اور اس کے تین کزنز کو اٹلی کا جھانسہ دے کر ایران میں اغواء کاروں کے حوالے کر دیا گیا۔ اغواء کاروں نے ہر ایک کے لیے دو کروڑ اسی لاکھ روپے کا تاوان مطالبہ کیا ہے۔

انسانی سمگلر کے ایجنٹ نے ان نوجوانوں سے 36 لاکھ روپے فی کس لے کر انہیں اٹلی لے جانے کا وعدہ کیا، لیکن انہیں تہران، ایران میں اغواء کاروں کے حوالے کر دیا گیا۔

اغواء کاروں نے انہیں برہنہ کر کے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور تشدد کی ویڈیوز ان کے خاندان کو بھیجیں، جس میں تاوان کے عدم ادائیگی کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

مغوی کے اہل خانہ جن میں اس کے بوڑھے والدین، بیوی اور چار بچے شامل ہیں، غم سے نڈھال ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیراعظم شہباز شریف سے مدد کی اپیل کر رہے ہیں۔

ایف آئی اے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے اور باقی ملوث افراد کی تلاش جاری ہے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنا سب کچھ بیچ کر بھی یہ تاوان ادا نہیں کر سکتے۔

مصطفیٰ کے اہل خانہ اور محلہ والوں نے چیف جسٹس پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے اس واقعے کا نوٹس لینے اور مغویوں کی بازیابی کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔
 

Back
Top