راولپنڈی کے تھانہ مندرہ کے علاقے میں ایک کم سن بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے بعد قتل کے واقعے میں پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار شدہ فرد مقتولہ بچی کا سگا ماموں ہے، جو عادی نشئی بھی بتایا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ملزم نے ایسٹر کے موقع پر بچی کو کسی چیز کا لالچ دے کر ایک زیر تعمیر مکان میں لے گیا، جہاں اس کے ساتھ زیادتی کے بعد اسے بے دردی سے قتل کر دیا۔ پولیس کی ایک خصوصی ٹیم نے تحقیقات کے بعد ملزم کو مندرہ کے علاقے سے گرفتار کر لیا۔
واقعے کے بعد جب پولیس ملزم کو آلہِ قتل کی برآمدگی کے لیے لے جا رہی تھی، تو مرید پھاٹک کے قریب ملزم کے ساتھیوں نے اسے چھڑانے کی کوشش کی اور پولیس سے مزاحمت کی۔ اس دوران ہونے والی فائرنگ میں ملزم سنبل بشارت زخمی ہو گیا، جبکہ پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا اور اسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق، ملزم نے بچی کو ایسٹر کی خوشی میں کچھ دینے کے بہانے بہلایا تھا، جس کے بعد اس نے بچی کا گلا دبا کر اسے قتل کر دیا۔ واقعے کی رپورٹ مقتولہ بچی کے والد کی جانب سے تھانہ مندرہ میں درج کرائی گئی تھی۔ بچی کی لاش اتوار اور پیر کی درمیانی شب 5 مرلہ اسکیم کے ایک زیر تعمیر گھر کے فرسٹ فلور پر واش روم سے برآمد ہوئی تھی۔