
ایشیاء کپ کے سپر فور مرحلے میں پاک بھارت میچ کیلئے ریزرو ڈے رکھنے کے فیصلے پر سری لنکا اور بنگلہ دیشی کوچز نے اپنے تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے مابین فیصلہ کن میچ 10 ستمبرکو کھیلا جائے گا، تاہم اس روز بارش کے باعث میچ میں رکاوٹ کے امکانات بھی روشن ہیں جس کو دیکھتے ہوئے اس اہم میچ کیلئے ریزرو ڈے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تاہم صرف اس ایک میچ کیلئے ریزرو ڈے (اضافی دن ) رکھنے کے فیصلے نے سپر فور کی دیگر دو ٹیموں سری لنکا اور بنگلہ دیش کو نالاں کردیا ہے، دونوں ٹیموں کے کوچز نے اس فیصلے پر اپنی برہمی کا اظہار بھی کردیا ہے۔
سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کوچ سلور ووڈ نے فیصلے پرناخوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب مجھے صرف ایک پاک بھارت میچ کیلئے ریزرو ڈے رکھنے کے فیصلے کا بتایا گیا تو میں حیران ہوا، اس فیصلے سےدونوں میں سے کسی ایک ٹیم کو فائدہ پہنچے گا،ہم اس ایونٹ کے منتظم نہیں ہیں اس لیے کچھ نہیں کہہ سکتے۔
دوسری جانب بنگلہ دیشی ٹیم کے ہیڈ کوچ چندیکا ہتھوروسنگھا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے اس فیصلے کے حوالے سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی، اس معاملے پر زیادہ تبصرہ نہیں کروں گا، کیونکہ فیصلہ ہوچکا ہے ، تاہم ہم سے مشاورت کی جاتی تو ہم اس معاملے پر اپنی رائے ضرور دیتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹورنامنٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی میں تمام چھ ملکوں کے نمائندے موجود ہیں، یہ فیصلہ اس کمیٹی کو کرنا چاہیے تھا ،پاک بھارت میچ میں ریزرو ڈے رکھنے کا فیصلہ کسی اور وجہ سے کیا گیا ہے، ہم بھی چاہیں گے کہ بارش کی وجہ سے ہمارے میچز متاثر ہوتے ہیں تو ہمیں بھی ریزرو ڈے دیا جائے۔
خیال رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیاء کپ سپر فور میں پاک بھارت میچ کیلئے ریزرو ڈے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 10 ستمبر کو کھیلے جانے والے میچ میں اگر بارش ہوجاتی ہے اور میچ پورا نہیں ہوتا تو بقیہ کھیل اگلے دن سے وہیں سے شروع کیا جائے گا جہاں بارش کے باعث روکا گیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9paksisrssayamutnazi.jpg