ایل پی جی ڈیلرز ایسوسی ایشن کا حکومت کو الٹی میٹم

13.jpg

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت میں مسلسل اضافے سے صارفین پریشان، ایل پی جی ڈیلرز نالاں، سلنڈر ڈیلرز نے حکومت سے ایک ہفتے میں قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایل پی جی ڈیلرز نے اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے ایک ہفتے میں قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ کر دیا، ایل پی جی ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مقررہ مدت گزرنے کے بعد غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر چلے جانے کا بھی اعلان کر دیا۔

ایل پی جی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی محمد اسحاق خان کا کہنا تھا کہ اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں غیرمنصفانہ اضافہ کیا ہے جس کی وجہ سے یہ سستا متبادل ایندھن دیگر تمام پیٹرولیم مصنوعات بشمول سی این جی کے مقابلے میں زیادہ مہنگا ہوگیا ہے، قیمت میں اضافے کی وجہ سے ایل پی جی غریب آدمی کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہے، ایل پی جی کی قیمت فی کلوگرام 200 روپے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی ہے جس کی وجہ سے ایل پی جی کی فروخت میں بھی 60 سے 70 فیصد کمی ہوئی ہے۔

محمد اسحاق کا کہنا تھا کہ ملک میں ایل پی جی کی پیداواری لاگت انتہائی کم ہے لیکن اس کے باوجود اوگرا سعودی آرامکو کنٹریکٹ پرائس کے مطابق ہر ماہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کر رہی ہے۔

چیئرمین ایل پی جی ڈیلر نے حکومت سے قیمتوں کی پالیسی پر نظرثانی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مہنگائی کی شرح میں کمی کے لیے ایل پی جی کی سعودی آرامکو کنٹریکٹ پرائس اور مقامی پیداواری قیمت کو یکجا کرکے درمیانی قیمت کا تعین کرسکتے ہیں جب کہ درآمدی لاگت میں کمی کے لیے ایل پی جی عائد پیٹرولئیم ڈیولپمنٹ لیوی سمیت دیگر ٹیکسوں کی وصولیاں عارضی طور پر معطل کرسکتے ہیں۔

محمد اسحاق کا کہنا تھا کہ اوگرا نے بھی صرف کنٹریکٹ پرائس بڑھتے ہی اسی تناسب سے نئی قیمت اور ٹیکسوں کا تعین کرڈالتی ہے حالانکہ اس قومی ادارے کو عوام کی قوت خرید کو مدنظر رکھتے ہوئے ایل پی جی کی قیمت کا تعین کرنا چاہیئے، قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ناصرف ڈیلرز کا کاروبار تباہی کے دہانے پرپہنچ گیا ہے بلکہ ایل پی جی پاکستان کا مہنگا ترین ایندھن بن گیا ہے۔

واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے قیمت میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق ماہ اکتوبر کے لیے ایل پی جی کی نئی قیمت 29 روپے اضافے کے بعد 203 روپے فی کلو گرام مقرر کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو سلنڈر 343 روپے مہنگا ہوا ہے، 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2304 روپے مقرر کی گئی ہے۔
 

Back
Top