ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کو تبدیل کیا جا رہا ہے؟

11murtazawahabtabdeeili.jpg

کراچی کی ضلعی انتظامیہ میں بڑی تبدیلی کا امکان پیدا ہوگیا ہے، پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب کو عہدے سے ہٹا کر ایم کیو ایم کی جانب سے نامزد کیے جانے والے رہنما کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کرنے کا امکان روشن ہوگیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس بڑی تبدیلی کا امکان ایم کیو ایم وفد کی گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ہونے والی اہم ملاقات کے بعد پیدا ہوا ، جس کے تحت بلدیہ عظمیٰ کے ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب کو ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔


رپورٹ کے مطابق بلاول ہاؤس کراچی میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں دونوں جماعتوں کے سربراہان کے درمیان یہ اتفاق ہوا کہ شہر قائد میں بلدیہ عظمیٰ کا ایڈمنسٹریٹر ایم کیو ایم کی جانب سے نامزد کیا جانے والے شخص ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد ایم کیو ایم نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کے ناموں پر غور شروع کردیا ہے، ایک سے دوروز میں حتمی فیصلے کے بعد نام سندھ حکومت کو بھجوادیا جائے گا۔

ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت نےبلدیہ عظمیٰ کے ایڈمنسٹریٹر کیلئے رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر سیف الرحمان اور عبدالوسیم کے ناموں پر غور شروع کردیا ہے۔

بلدیہ عظمیٰ کے ایڈمنسٹریٹر کےعلاوہ ایم کیو ایم کی جانب سے نامزد کیے جانے والے افسران کو شہر کے تین اضلاع میں ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا جائے گا، اس حوالے سے آصف علی زرداری نے سندھ حکومت کو ایم کیو ایم کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر من و عن عمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔