بلوچستان:سرکاری افسران کو 'پاکستان زندہ باد' کی رنگ بیک ٹون لگانےکی ہدایت

7rwfgy7.jpg


بلوچستان کی صوبائی حکومت نے تمام محکموں کے سربراہان اور دیگر سینئر افسران کو ہدایت کی ہے کہ تمام لوگ اپنے موبائل فونز پر 'پاکستان زندہ باد' کی رنگ بیک ٹونز لگائیں۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے چیف سیکرٹری کی زیر صدارت ایک بیوروکریسی کاایک اجلاس ہوا جس میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے، صوبائی حکومت کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے سیکشن آفیسر بہادر خان کی جانب سے 29 ستمبر کو اس فیصلے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام محکموں کے سربراہان، سیکرٹریز، ایڈیشنل سیکرٹریز، ڈپٹی سیکرٹریز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ خود اپنے موبائل فونز کی رنگ بیک ٹونزبھی تبدیل کریں اور اپنے اپنے دفاتر میں اپنے ماتحت افسران کے موبائل فونز پر پاکستان زندہ باد کی رنگ ٹونز لگوانے کو یقینی بنائیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت بلوچستان، سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ چیف سیکرٹری کی زیر صدارت ہونے والی اس میٹنگ میں کیے گئے فیصلے کی روشنی میں یہ ہدایت جاری کرتا ہے کہ تما م سرکاری افسران اپنے اپنے موبائل فونز پر پاکستان زندہ باد کی رنگ بیک ٹونز لگوائیں۔

نوٹیفکیشن میں اس فیصلے کے حوالے سے کوئی جواز پیش نہیں کیا گیا ہے تاہم مختلف نیٹ ورکس استعمال کرنے والے سرکاری افسران کو رنگ بیک ٹون تبدیل کرنے کا طریقہ بیان کیا گیا ہے۔

واضح ہو کہ رنگ بیک ٹون وہ ساؤنڈ یا میوزک ہوتا ہے جو فون کرنے والے کو کال ریسیو ہونے سے قبل سنائی دیتا ہے، وفاقی حکومت نے کورونا بحران کے دوران اس طریقے کو آگاہی پھیلانے کیلئے استعمال کیا ہے اور آج بھی کسی دوسرے کو فون کرتے ہوئے آپ کو کورونا ویکسین کی آگاہی کے حوالے سے پیغام سنائی دیتا ہے جب تک کہ فون ریسیو نہیں ہوجاتا