بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 6 خارجی دہشتگرد ہلاک، 4 زخمی

595713_9517709_updates.jpg

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن کرتے ہوئے چھ خارجی دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ چار کو زخمی کر دیا۔ کارروائی 23 اور 24 اپریل کی درمیانی شب خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، فورسز نے بنوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چھ دہشتگرد ہلاک جبکہ چار زخمی حالت میں فرار کی کوشش میں تھے، جنہیں بعد ازاں قابو میں لے لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں مزید ممکنہ دہشتگردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ ہر قسم کے خطرے کا قلع قمع کیا جا سکے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنی قربانیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گی۔

واضح رہے کہ 21 اپریل کو بھی خیبرپختونخوا میں دو مختلف مقامات پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کرتے ہوئے انتہائی مطلوب خارجی کمانڈر ذبیح اللہ زکران سمیت چھ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

ان کارروائیوں کے دوران شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں بھی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا تھا، جس میں پانچ دہشتگرد مارے گئے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان دہشتگردوں کا تعلق ایک منظم نیٹ ورک سے تھا جو ملک میں بدامنی پھیلانے میں ملوث تھا۔
 

Back
Top