بہاولپور: نادرن بائی پاس پر مبینہ پولیس مقابلے میں 4 زیرِ حراست ملزمان ہلاک
بہاولپور میں نادرن بائی پاس پر مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 4 زیرِ حراست ملزمان ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آئے، جن میں 2 سگے بھائی اور ان کا کزن بھی شامل تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان پر 10 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کا الزام تھا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ملزمان کو ریکوری کے بعد تھانے منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ان کے ساتھیوں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں چاروں ملزمان موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
ہلاک شدگان کی لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بہاولپور میں تیسری جماعت کی ایک طالبہ کے مبینہ اجتماعی زیادتی اور قتل کے الزام میں 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق 6 روز قبل باقر پور کے کھیتوں سے زخمی حالت میں ایک بچی ملی تھی، جسے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا لیکن وہ راستے میں دم توڑ گئی۔ گرفتار کیے گئے ملزمان میں مقتولہ کے 2 ماموں اور 2 دیگر قریبی رشتہ دار شامل تھے۔