پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسد قیصر نے مولانا فضل الرحمان کو تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروادی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ پیش رفت جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے کے دوران سامنے آئی۔
اس گفتگو کے حوالے سے پی ٹی آئی کی جانب سے اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور اسد قیصر کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور ایک دوسرے کو عید مبارک دی۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ گفتگو کے دوران اسد قیصر نے دونوں جماعتوں میں رابطوں کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ۔
مولانا فضل الرحمان نے اس خواہش کے اظہار پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ملاقاتوں میں جے یو آءی کی جانب سے کچھ تحفظات پر بات کی گئی تھی، پہلے ان تحفظات کو دور کرنے کی ضرورت ہے، اس حوالے سے دونوں جماعتوں کے درمیان مستقبل بنیادوں پر رابطے قائم ہونے کی ضرورت ہے۔
اسد قیصر نے مولانا فضل الرحمان کو بیرون ملک سے واپسی پر تمام تحفظات دور کرنے کی یقینی دہانی کروائی اور کہا کہ واپسی پر ان تحفظات کو دور کرنے کیلئے نیا لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا۔