
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے توشہ خانہ کے تحائف سے متعلق ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے تحفہ کرسی کو نہیں بیٹھنے والے کو ملتا ہے جس کو آپ بیچ بھی سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے توشہ خانہ تحائف سے متعلق سامنے آنے والی تفصیلات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ توشہ خانہ میں تحائف میرے نام سے آئے تھے ، تحفہ حکومت پاکستان کو نہیں ملتا، تحفہ کرسی کو نہیں ملتا جو اس پر بیٹھا ہے اسے ملتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحفہ آپ کی ملکیت ہے آپ اسے بیچ بھی سکتے ہیں تاہم اس خرید فروخت کا انکم ٹیکس اور دولت ٹیکس کے گوشواروں میں ذکر ضروری ہے۔
شاہزیب خانزادہ نے سوال کیا کہ آپ کو ملنے والے تحائف آپ نےڈکلیئر کیے تھے، جس پر شاہد خاقان عباسی نے جواب دیا کہ میں نے تحفے آگے دے دیئے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تحفہ وزیر اعظم کو ملتا ہے اور بطور وزیر اعظم توشہ خانہ سے خط آتا تھا کہ یہ تحفے آپکے ہیں عوام کی ملکیت نہیں۔ تحفہ آپ کی ملکیت ہوتے ہیں اور آپ بیچ سکتے ہیں۔
سلیمان شہباز کے شاہد خاقان عباسی سے متعلق بیان پر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سلمان شہباز صاحب مذاق اڑائیں یا طنز کریں ۔ وہ وزیراعظم کے بیٹے ہیں چاہیں تو میرے اوپر کیس کر دیں ۔ میں کسی پر نہ تو تنقید کرتا ہوں اور نہ اعتراض کرتا ہوں ۔ میرا تعلق مسلم لیگ نون سے ہے سلمان شہباز سے نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کے بیان کے بعد توشہ خانہ کے غبارے سے ہوا نکل گئی ہے، عمران خان نے گھڑی فروخت کرکے بس ایک تکنیکی غلطی کی کہ تحفہ پہلے بیچا اور بعد میں پیسے جمع کروائے، شاہد خاقان عباسی نے اپنے بیان سے اپنے قائد میاں نواز شریف کیلئے بھی مشکلات کھڑی کردی ہیں کیونکہ میاں نواز شریف نے بھی مرسڈیز بینز گاڑی ایک عرصہ استعمال کرنے کے بعد پی پی کے وزیراعظم سے ریگولائز کروائی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11abbbasaitioshakhanana.jpg