
مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ خوشی کی بات ہے کہ تمام ریاستی و آئینی ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کررہے ہیں۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لندن میں مسلم لیگ ن کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے ، اجلاس میں نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق امور زیر غور آئے۔
رپورٹ کے مطابق نواز شریف کی زیر صدارت دو سیشنز میں ہونے والے اس اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر گفتگو ہوئی، اجلاس میں نواز شریف نے شرکاء سے مہنگائی کم کرنے کی تجاویز مانگیں اور استفسار کیا کہ اقتدار میں آئے تو عوام کو کیسے اور کیا ریلیف دے سکتے ہیں؟
اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا ہمارا ہمیشہ سے یہی مطالبہ رہا ہے کہ تمام ریاستی ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں، اب ایسا ہورہا ہے تو یہ خوشی کی بات ہے، اگر ایسا ماضی میں ہوجاتا تو آج ملک کی صورتحال مختلف ہوتی، آئندہ اقتدار ملا تو پہلی ترجیح عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہوگی۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف نا دیا تو ملک کیلئے گھمبیر صورتحال ہوجائے گی، عمر کے اس حصے میں قوم سے کبھی بھی جھوٹ نہیں بولوں گا اور اقتدار ملنے پر تمام حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بیرونی سرمایہ کاری لانے کیلئے مختلف آپشنز موجود ہیں، بیرونی دنیا بالخصوص دوست ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں،کوشش ہے ان رابطوں کے نتیجے میں پیش رفت ہو اور ملک میں سرمایہ کاری آئے۔