
گیلپ پاکستان نے اپنے تازہ ترین سروے کے نتائج جاری کردئیے جس کے مطابق عوام نے حکومتی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گیلپ پاکستان نے ایک نیا عوامی سروے جاری کیا ہے جس میں حکومت کو ہر محاذ پر کامیاب دکھایا گیا ہے، گیلپ سروے میں70 فیصد عوام نے امید ظاہر کی ہے کہ پی ٹی آئی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
مگر کچھ سوالات کے نتائج حیران کن ہیں کیونکہ گیلپ کی جانب سے ایک سوال پوچھا گیا کے کس صوبے کے عوام وفاقی حکومت کی کارکردگی کو برا سمجھتے ہیں؟ اس کے جواب میں پنجاب کے50 عوام نے اظہار عدم اطمینان کیا، سندھ کے 45 فیصد، خیبرپختونخوا کے 33 اور بلوچستان کے 26 فیصد عوام مرکزی حکومت سے ناخوش ہیں۔
لسانی بنیادوں پر سامنے آنے والے اعداد وشمار کے مطابق 54 فیصد پنجابی، 48 فیصد سرائیکی، 43 فیصد اردو بولنے والے، 40 فیصد سندھی، 38 فیصد بلوچی اور 29 فیصد پشتون لوگ وفاقی حکومت کی پرفارمنس سے غیر مطمئن ہیں۔
گیلپ کی جانب سے ایک سوال پوچھا گیا کہ کتنے فیصد پاکستانی اپنی صوبائی حکومتوں سے ناخوش یا غیر مطمئن ہیں؟ جواب میں پنجاب اور سندھ کے 50،50 فیصد عوام نے کہا کہ وہ اپنی حکومتوں سے غیر مطمئن ہیں، خیبرپختونخوا کے33 اور بلوچستان کے 14 فیصد عوام اپنی صوبائی حکومت سے ناخوش نظر آئے۔
جبکہ وہ لوگ جو اپنی صوبائی حکومت کی کارکردگی کو مثبت نظر سے دیکھتے ہیں ان میں پنجاب کے 43 فیصد، سندھ کے 41 فیصد، خیبرپختونخوا کے 63 فیصد اور بلوچستان کے 76 فیصد عوام اپنی صوبائی حکومت کی کارکردگی کو مثبت دیکھتے ہیں۔
دوسری جانب سروے کے مطابق 69 فیصد عوام نے حکومت کی کورونا وبا پر قابو پانے کیلئے حکومتی کارکردگی کو سراہا ہے جبکہ 58 فیصد خارجہ پالیسی سے مطمئن دکھائی دئیے جبکہ 24 فیصد غیر مطمئن دکھائی دئیے۔
معاشی محاذ کی بات کی جائے تو 45 فیصد عوام معاشی محاذ پر حکومت سے مطمئن ہے جبکہ 44 فیصد عوام غیر مطمئن ہے۔ گیلپ کے اس سروے میں 48 فیصد نے کرپشن کیخلاف حکومت کو کامیاب، 40 فیصد نے ناکام قرار دیا۔
سروے میں حکومت کی تین سالہ کارکردگی سے متعلق بھی عوامی رائے لی گئی جس میں 48 فیصد عوام وزیراعظم عمران خان کی 3 سال حکومتی کارکردگی سے مطمئن دکھائی دئیے اور 45 فیصد غیر مطمئن نظر آئے جبکہ 7 فیصد نے رائے نہیں دی۔
گیلپ کے مطابق اس سروے کا سیمپل 1200 افراد کی رائے پر مشتمل ہے اور یہ سروے 23 سے 30 اگست کے درمیان کرایا گیا۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/tbpfPQ8/survy.jpg