
راولپنڈی انتظامیہ نے عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان کے احتجاج کے دوران آرمی ہیڈ کوارٹرز جی ایچ کیو کے گیٹ پر ہنگامہ آرائی کی تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خصوصی انویسٹی گیشن ٹیم راولپنڈی پولیس نے تشکیل دی جس کی سربراہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن زنیرہ اظفر کو سونپی گئی ہے، ٹیم میں ایس ڈی پی او سٹی، ایس ڈی پی او کینٹ اور 3 پولیس ایس ایچ اوز کو شامل کیا گیا ہے۔
انویسٹی گیشن ٹیم کو جی ایچ کیو میں ہنگامہ آرائی کے مقدمات کی روشنی میں تفتیش آگے بڑھانے کا مینڈیٹ دیا گیا ہے، خصوصی ٹیم تحقیقات کے بعد اپنی رپورٹ مرتب کرے گی۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی دو روز قبل گرفتاری کے خلاف احتجاج کے دوران راولپنڈی میں مشتعل مظاہرین نے آرمی ہیڈ کوارٹرز جی ایچ کیو کے گیٹ پر ہنگامہ آرائی کی، اس دوران چند شرپسند عناصر گیٹ توڑ کرہیڈ کوارٹرز کے احاطے میں بھی داخل ہوگئے تھے۔
واقعہ کے خلاف راولپنڈی کے تھانہ آر اے بازارمیں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب راجا بشارت سمیت 15 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/4GHQ%20hnanancomittteeee.jpg