
سندھ کی صوبائی حکومت نے صوبے کے عوام سے ایک اور ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ٹیکس کچرہ اٹھانے کی مد میں عوام کی جیبوں سے نکالا جائے گا۔
نیا نافذ کردہ ٹیکس یوٹیلیٹی بلز میں لگ کر آئے گا۔ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کراچی کے ترجمان نے بتایا کہ کچرہ اٹھانے کا ٹیکس سوئی گیس بل میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے صوبائی حکومت 5 ارب روپے جمع کرے گی جنہیں صفائی کیلئے خرچ کرنے کا منصوبہ ہے۔
اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت نے سوئی سدرن کو خط بھی لکھ دیا ہے۔ یہ ٹیکس گھروں کے باہر سے کچرہ اٹھانے کی مد میں صوبے کے عوام سے نکلوایا جائے گا۔ ترجمان ایس ڈبلیوایم کے مطابق حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ صوبائی وزیر بلدیات کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ عمارتوں، گھروں اور صنعتوں سے کچرہ اکٹھا کر کے اٹھایا جائے گا۔ جبکہ رہائشی علاقوں سے کچرہ اٹھانے کی مد میں 100 روپے سے 300 روپے تک گیس کے بلوں میں وصول کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت سندھ نے کے الیکٹرک کو بھی کنزرونسی ٹیکس کی وصول کے سلسلے میں خط لکھا تھا مگر وفاقی حکومت نے اس کی مخالفت کی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/82kxcCk/muradddd.jpg