
حکومت کا دوست ممالک سے 12 ارب ڈالر کے قرضے رول اوور کروانے کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے نئے مالی سال میں دوست ممالک سے 12 ارب ڈالر سے زائد قرضے رول اوور کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال 2024-25 میں مالی ضروریات پوری کرنے کیلئے 23 ارب ڈالر کی بیرونی فنانسنگ کا ابتدائی تخمینہ لگایا گیا ہے،اس مقصد کیلئے وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ مالی سال دوست ممالک سے تقریبا 12 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کروالیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے 5 ارب ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 3 ارب ڈالر جبکہ چین سے 4 ارب ڈالر کے قرض کو رول اوور کروانے کی کوشش کی جائے گی، ساتھ ہی چین سے مزیدنئی فنانسنگ کے تخمینے کو بھی آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کی مد میں پاکستا کو 1 ارب ڈالر سے زائد رقم حاصل ہوگی جبکہ عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک سے فنانسنگ کو بھی بجٹ تخمینے میں شامل کیا گیا ہے، اس مقصد کیلئے حکومت مالیاتی اداروں سے نئے قرض پروگرام کے معاہدے کرنے کیلئے بھی کوشاں ہے۔