
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت دائر کردی گئی ہے، درخواست میں جسٹس محسن اختر کیانی پر ریاست مخالف ایجنڈا اپنانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق سیکرٹری اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایڈوکیٹ وقاص ملک نے سپریم جوڈیشل کونسل میں جسٹس محسن اختر کیانی کے خلاف درخواست دائر کی۔
ایڈووکیٹ وقاص ملک نے سپریم جوڈیشل کونسل میں اسلام آباد ہائی کورٹ کےجج جسٹس محسن اختر کیانی کے خلاف درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریاست مخالف ایجنڈا اپنا رکھا ہے اور اس سلسلے میں ساتھی ججوں کو بھی ساتھ ملا رکھا ہے۔
درخواست گزار نے سپریم جوڈیشل کونسل سے استدعا کی کہ جسٹس محسن اختر کیانی کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ان کو بطور جج کام کرنے سے فوری طور پر روکا جائے۔