
اسلام آباد: مشہور ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کے کیس میں 12 ملزمان کو عدالت نے گناہ گار قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، انسداد دہشتگردی عدالت میں کیس کی سماعت جج منظرعلی گل کی سربراہی میں ہوئی، جہاں آمنہ عروج اور حسن شاہ سمیت دیگر ملزمان کو پیش کیا گیا۔ جوڈیشل ریمانڈ کی میعاد ختم ہونے پر ان ملزمان کو جیل سے عدالت لایا گیا۔
پولیس نے اس کیس کا چالان پراسیکیوشن میں جمع کروا دیا ہے، جس میں آمنہ اور حسن کے علاوہ 10 دیگر ملزمان کا ذکر کیا گیا ہے۔ تفتیشی افسر کے مطابق، مقدمے کی مزید سماعت کے بعد چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
عدالت نے آمنہ اور دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کر دی ہے اور انہیں 9 نومبر کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ خلیل الرحمان قمر کو اغوا کرنے والی خاتون سمیت گینگ کے افراد کو پولیس نے حراست میں لیا تھا۔ خلیل الرحمان نے بیان میں کہا کہ وہ بیماری کی وجہ سے رات میں ملاقاتیں کرتے ہیں۔
ڈی آئی جی عمران کشور نے بتایا کہ خلیل الرحمان کا موبائل ڈیٹا بازیافت کرنے کے بعد ملزمہ آمنہ کو گرفتار کیا گیا، جس نے باقی ملزمان تک پہنچنے میں مدد کی۔ بلیک میلنگ کے اس گروہ میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق، ملزمہ آمنہ گوجرانوالہ کی رہائشی ہے اور ہائی پروفائل افراد کو جھانسہ دے کر رقم بٹورنے کی سرگرمیوں میں ملوث تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/6amnaaroojaakalialsksk.png