
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے وزیر خزانہ اور وزیر داخلہ سے متعلق مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء کے بیان کی شدید مذمت کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سماء نیوز کے پروگرام ریڈ لائن میں میزبان طلعت حسین کو خصوصی انٹرویو دیا، اس موقع پر میزبان طلعت حسین نے ان سے رہنما ن لیگ رانا ثناء اللہ کیجانب سے وزیر خزانہ اور وزیر داخلہ کو حکومت کی ضمانت قرار دینے سے متعلق بیان سے متعلق سوال کیا۔
خواجہ آصف نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ رانا ثناء اللہ میرا بھائی ہے میں اس کی بہت عزت کرتا ہوں، رانا ثناء اللہ کا یہ کہنا غلط ہے، وزیر خزانہ کی تعیناتی کے سارے عمل کا میں حصہ رہا ہوں، وزیر خزانہ کیلئے ڈار صاحب کے علاوہ دو مزید ناموں پر غور ہورہا تھا جس میں سے ایک نام سلطان رانا اور دوسرا محمد اورنگزیب کا نام تھا، سلطان رانا نے خود ہی معذرت کرلی۔
طلعت حسین نے سوال کیا کہ محمد اورنگزیب کا نام ن لیگ نے خود چنا تھا یا یہ راولپنڈی سے آیا تھا؟ خواجہ آصف نے کہا کہ میرا کوئی حجاب نہیں ہے آپ سے، محمد اورنگزیب کو ہم نے خود چنا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ کے حوالے سے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بطور نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے سیالکوٹ سمیت بہت سے شہروں میں ترقیاتی کام کروائے، جو منصوبے ادھورے رہ گئے تھے وہ پورے کروائے اسی لیے انہیں وفاق میں ذمہ داری دی گئی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/8kahhwaasikdhdhjdh.png