خیبرپختونخوا کے بعد کراچی میں بھی گھر بیٹھے ڈومیسائل ڈلیور کرنے پر غور

domicail1h11i1h.jpg


کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کراچی میں ڈومیسائل کے اجرا کے نظام کو آن لائن کرنے کے لیے اقدامات کرنے پر غور شروع کردیا,ڈیجیٹل ڈومیسائل ڈیسک کے افتتاح کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی انتظامیہ شہریوں کو ڈومیسائل کے اجرا کا نظام آسان اور شفاف بنانے کے اقدامات کر رہی ہے۔

ڈیجیٹل ڈومیسائل کے اجرا کا طریقہ تمام اضلاع میں متعارف کرایا جائے گا اور روائتی طریقہ ختم کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر کورنگی جواد مظفر نے کمشنر کراچی کو ڈومیسائل کے اجرا کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈومیسائل ڈیسک پر مختلف کاونٹرز قائم کئے گئے ہیں,انہوں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک کاؤنٹر پر ڈومیسائل کی سرکاری فیس کا چالان جمع کیا جاتا ہے۔

دوسرے کاؤنٹر پر نمبر جاری کیا جاتا ہے جبکہ تیسرے پر مطلوبہ دستاویز جیسے شناختی کارڈز، تعلیمی اسناد، رہائش کی تصدیق کے لیے یوٹیلٹی بلز کی اسکیننگ کی جاتی ہے,انہوں نے کہا ڈومیسائل کے اجرا میں جدید طریقہ کار اپنایا گیا ہے جس کے ذریعے ہر درخواست گزار کے تصویر اور تمام دستاویز کا ریکارڈ ہمیشہ کے لیے محفوظ کرنے میں مدد ملے گی۔

خیبرپختو خوا کی حکومت صوبے کے مختلف اضلاع میں عوام کی سہولت کے پیش نظر ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کا آن لائن نظام متعارف کرواچکی ہے,ای ڈومیسائل نظام کے تحت اب کوئی بھی شہری گھر بیٹھے موبائل یا کمپیوٹر پر ویب سائٹ
cfc .kp.gov.pk
پر جاکر ڈومیسائل کے لیے درخواست دے گا اور مطلوبہ دستاویزات منسلک کرے گا، درخواست گزار نادرا جاکر اپنے فنگر پرنٹس دے گا اور یوں حکومت کے پاس درخواست گزار کا ڈیٹا محفوظ ہوجائے گا۔

ای ڈومیسائل کی سہولت سے جہاں شہریوں کو دفاتر میں طویل انتظار نہیں کرنا پڑے گا وہیں ان کو بھاری سفری اخراجات سے بھی چھٹکارا ملے گا۔
دوسری جانب حکومت کو ویلیج کونسل اور نیبر ہوڈ کونسل کی سطح پر شہریوں کے تمام کوائف دستیاب ہوں گے، شہریوں نے گھر کی دہلیز پر ڈومیسائل ملنے کی سہولت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔