
پاکستان میں ایک بحران ختم ہونے کے قریب پہنچتا ہے تو دوسرا جنم لے لیتا ہے جس سے عام شہریوں کی پریشانیاں ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔ ذرائع کے مطابق ایک طرف تو ملک بھر میں فلورملز ایسوسی ایشن کی طرف سے ہڑتال کی کال کے باعث آٹے کے بحران کا خدشہ سر اٹھائے کھڑا ہے تو دوسرے طرف ہول سیل مارکیٹوں میں رواں مالی سال کے بجٹ پر عملدرآمد شروع ہونے کے ساتھ ہی دالوں کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہول سیل مارکیٹوں میں دالوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا رحجان دیکھا جا رہا ہے، خصوصاً پچھلے 2 ہفتوں کے دوران دالوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں۔
رواں مالی سال کے بجٹ میں نئے ٹیکسز عائد ہونےکے بعد ہول سیل مارکیٹوں میں کاروبار کرنے والے امپورٹرز کی طرف سے مختلف قسم کی دالوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے عوام شدید پریشان ہے۔
ذرائع کے مطابق پچھلے 2 ہفتوں کے دوران دال چنا درجہ اول کی فی کلو قیمت میں 89 روپے، درجہ دوم کی دال چنا کی قیمت میں 94 روپے تک کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد دال چنا درجہ اول کی قیمت 231 روپے سے بڑھ کر 320 روپے جبکہ دوم درجہ کی دال چنا کی قیمت 215 روپے سے بڑھ کر 310 روپے تک پہنچ چکی ہے۔
ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرئوف ابراہیم کا کہنا تھا کہ درجہ اول کے کابلی چنے کے فی کلو قیمت میں 48 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی فی کلو قیمت 362 روپے سے بڑھ کر 410 روپے تک ہو گئی ہے۔ دوم درجہ کے کابل چنا کی فی کلو قیمت میں 27 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے اس کی قیمت 325 روپے سے بڑھ کر 352 روپے تک پہنچ چکی ہے۔
درجہ اول کی دال مونگ کی فی کلو قیمت میں 50 روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد اس کی قیمت 320 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے، دوم درجہ کی دال مونگ کی فی کلو قیمت میں 40 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اس کی قیمت 260 روپے سے زیادہ ہو کر 300 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق درجہ اول کی دال ماش کی فی کلو قیمت میں 10 روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے قیمت 510 روپے فی کلو سے بڑھ کر 520 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ علاوہ ازیں دالوں کی قیمت کے ساتھ ساتھ بیسن کی فی کلو قیمت میں بھی 75 روپے تک کا اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے بعد اس کی قیمت 230 روپے سے بڑھ کر 305 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/daa;11j1j34.jpg